شیخ کا ٹکٹ ضائع ہونا معمولی بات نہیں ہے

میں اپنی جیب سے ٹکٹ لے کر شارجہ گیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 اکتوبر 2021 12:48

شیخ کا ٹکٹ ضائع ہونا معمولی بات نہیں ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اکتوبر 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے قومی ٹیم کی تاریخی فتح اسٹیڈیم میں نہ دیکھنے پر اظہار افسوس کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ شیخ کا ٹکٹ ضائع ہوگیا، یہ معمولی بات نہیں ہے، اپنی جیب سے ٹکٹ لے کر شارجہ گیا تھا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی کہے گا بابراعظم کوئی کہے گا کوئی اور ہے، قوم پوری ٹیم کے پیچھے کھڑی ہے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تاریخی فتح کے یادگار لمحات نہ دیکھنے کا افسوس ہے، میں قومی مسئلے کی وجہ سے وطن واپس آگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے تمام میچز گراؤنڈ میں عوام کے ساتھ بیٹھ کر دیکھے ہیں، میاں داد کے تاریخی چھکے والے میچ میں بھی اسٹیڈیم میں ہی موجود تھا۔

(جاری ہے)

اُن کا مزید کہنا تھا کہ می ٹیم نے بھارت کوبر ی طرح سے پچھاڑا ہے، بھارت ساری زندگی اس زخم کو چاٹے گا کیونکہ نشانات کبھی ختم نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء کا سب سے بڑا میچ کل دبئی میں کھیلا گیا جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سُپر 12 مرحلے میں شام سات بجے آمنے سامنے آئیں اور پاکستان نے جیت کا سہرا اپنے سر سجایا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ دیکھنے کے لیے دو روز قبل دبئی روانہ ہوئے تھے البتہ ملک میں جاری دھرنوں اور امن و امان کی صورت حال کے باعث انہیں وزیراعظم نے فوری وطن واپس طلب کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد فوری طور پر وطن واپس پہنچے اور ملک میں جاری مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوششیں شروع کیں، جس میں خاصی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی ۔ روانگی کے وقت شیخ رشید نے کہا تھا کہ خواہ میچ کلکتہ ہو، دبئی ہو، یا چنائی مجھے دو دن کی چھٹی ملی ہے۔ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے دبئی جا رہا ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں