یکم نومبر سے پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا امکان

ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر تک اضافے کا خدشہ ہے۔ انڈسٹری ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 اکتوبر 2021 10:13

یکم نومبر سے پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اکتوبر 2021ء) : حکومت نے عوام پر ایک مرتبہ پھر سے پیٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ روپے کی قدر کم اور تیل قیمت بڑھنےکا اثر، یکم نومبرسے پیٹرول مزید منہگا ہونا کا امکان ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے تک اضافے کا تخمینہ ہے۔ قومی اخبار جنگ نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق انڈسٹری ذرائع کے مطابق ڈیزل قیمت میں 9 روپے فی لیٹر تک اضافے کا خدشہ ہے، اگلے 5 دن امپورٹ ہونے والے تیل کی قیمت کا اتار چڑھاؤ حتمی قیمت کا تعین کرے گا ۔

خیال رہے کہ حکومت ہر 15 دن میں پیٹرول کی قیمت کا تعین کرتی ہے۔ 16 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 سے12روپے تک کا ہوشربا اضافہ کردیا، عالمی مارکیٹ میں 85 ڈالر فی بیرل تک قیمتیں بڑھ جانے پر اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت134روپے48پیسےمقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں10روپے95پیسے کا اضافہ کے بعد نئی قیمت 110روپے 26پیسے ہوگئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں8روپے84پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت108روپے35 پیسے ہوگئی۔

دوسری جانب معروف ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق حسن نے کچھ روز قبل نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے 8 بجے کے پروگرام "ندیم ملک لائیو" میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ تھا کہ مذاکرات کیلئے واشنگٹن آنے سے قبل ڈالر 172 روپے کا کر کے آئیں۔ ڈاکٹر اشفاق حسن کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مزید جھٹکوں کیلئے تیار رہیں کیوںکہ آئی ایم ایف فی لیٹر پٹرول پر 30 روپے لیویز اور 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ بھی کر رہا ہے، جس سے پٹرول کی قیمت 200 روپے تک چلی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں