ایک ہی دن روزہ اور عید منانے کیلئے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی اسلامی نظریاتی کونسل کو اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست

چیئرمین کمیٹی اور اراکین نے رویت ہلال کمیٹی کے حوالے اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی دو ملاقاتیں کروائیں مگر نتیجہ کچھ نہ نکلا ،بریلوی اور شیعہ مسالک کے لوگ سعودی عرب کے ساتھچلنے کو تیار نہیں،وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری

منگل 26 اکتوبر 2021 21:51

ایک ہی دن روزہ اور عید منانے کیلئے  سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی  اسلامی نظریاتی کونسل کو اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے ملک میں ایک ہی روز عیداور روزہ منانے کیلئے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور سمیت اسلامی نظریاتی کونسل کو اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے انہوں نے تجویز پیش کی کہ ملک میں ایک ہی روز عید اور رمضان المبارک منانے کیلئے سعودی عرب کی تقلید کی جائے۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی صدارت میں پارلیمنٹ ہا?س میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں کمیٹی کو وزارت کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر کمیٹی کے چیرمین اور اراکین نے روئیت ہلال کمیٹی کے حوالے اپنے تحفظات کا اظہار کیا چیرمین کمیٹی نے کہاکہ جب پوری دنیا میں ایک دن عید روزہ ہوتا ہے تو یہاں کیوں نہیں ہوتا جس پر وفاقی وزیر نے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیرمین مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی دو ملاقاتیں کروائیں مگر نتیجہ کچھ نہ نکلا جس کے بعد موجودہ چیرمین کو اس مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کرنے کا کہا گیا اورموجودہ روئت ہلال کمیٹی کی بھی مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے ملاقاتیں کروائی ہیں مگر ابھی تک تو کوئی نتیجہ نہیں نکلاانہوں نے کہاکہ ہم نے تو سعودی عرب کے ساتھ عید منانے کی تجویز دی تھی تاہم بریلوی اور شیعہ مسالک سعودی عرب کے ساتھ عید روزہ رکھنے کو تیار نہیں ہے انہوں نے کہاکہ اہلحدیث مسلک سعودی عرب کے ساتھ عید اور روزہ رکھنے کو تیار ہیں جبکہ دیوبند مکتبہ فکر کی اکثریت سعودی عرب کے ساتھ روزہ اور عید کرنے کو تیار ہے انہوں نے کہاکہ روزہ اور عید کا سب سے بڑا مسئلہ تو میرے لئے ہے میں وزیر ہوتے ہوئے سرکاری روئت ہلال کمیٹی کے اعلان کا انتظار کررہا تھا میرے گھر والوں نے روزہ رکھا ہوا تھا انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ روزہ عید کے لئے دونوں ممالک کے درمیان کوئی نظام بنا دیا جائے اجلاس میں اقلیتی اراکین کی جانب سے مذہبی تہواروں کے حوالے سے پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا گیا جس پر وفاقی وزیر نے کہاکہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے حوالے سے پالیسی بنا سکتے ہیں تاہم مغربی ممالک میں ویزہ کی پابندی کی مشکلات درپیش ہیں انہوں نے کہاکہ بھارت میں مذہبی مقامات پر جانے کیلئے درخواستیں موصول ہوتی ہیں تاہم ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے زائرین نہیں جاسکتے ہیں کمیٹی نے اگلے اجلاس میں نئی حج پالیسی سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی ہے۔

۔۔۔اعجاز خان

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں