ملک میں چھاتی کے سرطان سے اموات کو کم کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم اور اقدامات کی ضرورت ہے، ثمینہ عارف علوی

چھاتی کے سرطان کے تدارک کیلئے بروقت آگاہی مہم، احتیاطی تدابیر اور علاج بہت ضروری ہیں، یہ مہلک مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، پڑھی لکھی خواتین، ذرائع ابلاغ، تعلیمی ادارے اور سرکاری و غیر سرکاری ادارے چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، خاتون کا خطاب

منگل 26 اکتوبر 2021 23:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں چھاتی کے سرطان سے ہوئے والی اموات کو کم کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم اور اقدامات کی ضرورت ہے، چھاتی کے سرطان کے تدارک کیلئے بروقت آگاہی مہم، احتیاطی تدابیر اور علاج بہت ضروری ہیں، یہ مہلک مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، پڑھی لکھی خواتین، ذرائع ابلاغ، تعلیمی ادارے اور سرکاری و غیر سرکاری ادارے چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔

منگل کو یہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں اسلام آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عہدیداران اور ممبران کے علاوہ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان کی تاخیر سے تشخیص کے باعث بڑے پیمانے پر جانوں کا ضیاع ہوتا ہے اور ہرسال ایک لاکھ خواتین اس سے متاثر ہوتی ہیں جو باعث تشویش ہے، خواتین کو اس مہلک مرض سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے، بھرپور قومی آگاہی مہم کے نتیجہ میں چھاتی کے سرطان کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کے مرض میں مبتلا خواتین کے خاندان نہ صرف متاثرہوتے ہیں بلکہ اس کے علاج پر لاکھوں روپے کے اخراجات بھی آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم کیلئے کی جانے والی کوششیں باعث تعریف ہیں اور اس کا مثبت نتیجہ برآمد ہورہا ہے، ہمیں اس مہلک مرض کے خلاف جہاد کرنا ہے، ہر 13 منٹ میں ایک عورت میں اس مہلک مرض کی تشخیص ہوتی ہے۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ تاخیر سے اس مرض کی تشخیص کے باعث پاکستان میں چھاتی کے سرطان سے اموات کی شرح 45 فیصد ہے جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں میں ابتدائی مرحلے میں اس مرض کی تشخیص کے نتیجے میں ٹھیک ہونے کی شرح 90 فیصد ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد میں میموگرافی ٹیسٹ مفت کرایا جارہا ہے، ہر خاتون چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی مہم میں شریک ہوکر یہ پیغام 10 عورتوں تک پہنچائے، اس سے بڑی تعداد میں عورتوں کو اس مرض سے بچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ از خود تشخیص سے ہزاروں زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں، اس مرض کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ جلد تشخیص کی بھی ضرورت ہے، آگاہی مہم میں عورتوں کی شرکت سے خوشی ہوئی ہے، مردوں کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ صدر مملکت کی اہلیہ نے کہا کہ اس مہم کا آغاز کراچی سے کیا تھا جو اب پورے ملک میں پھیل چکی ہے، آگاہی مہم اکتوبر تک محدود نہیں بلکہ یہ پورا سال جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا نے اس مہم میں بھرپور ساتھ دیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چھاتی کے سرطان کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے، خواتین اس موضوع پر اب کھل کر بات کرسکتی ہیں۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو چھاتی کے سرطان سے بچائو کے ساتھ ساتھ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت میں عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کی معاونت بھی شامل ہے، یونیورسٹیوں اور کالجوں میں چھاتی کے سرطان کے متعلق آگاہی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کی جتنی جلد تشخیص ہو گی اتنا زیادہ جان بچنے کا امکان بڑھ جائے گا، اس بارے میں سنٹرل ڈیٹا بیس موجود ہونا چاہئے تاکہ اس مرض میں مبتلا عورتوں کے بارے میں اعداد و شمار سامنے آسکیں، معذوروں اور خصوصی افراد کیلئے بھی کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے آگاہی مہم کیلئے اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو خط اور ہینڈبل ارسال کئے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے اپنے خطاب میں چھاتی کے سرطان کے متعلق آگاہی مہم پر بیگم ثمینہ عارف علوی کے سرگرم کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کرانے میں وویمن چیمبر نے اہم کردار ادا کیا، خواتین میں اس مرض کے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ بچائو کی تدابیر اختیار کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں آگاہی اور علاج کی سہولیات کا فقدان ہے۔ پنک ربن کی سینئر رکن سونیا قیصرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چھاتی کے سرطان کے متعلق بیگم ثمینہ عارف علوی کی آگاہی مہم اور اس سے بچائوکے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ تین سال سے بھرپور مہم چلارہی ہیں جس سے پورا ملک اس مہم میں شامل ہوا ہے۔ تقریب سے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹر محمد فرخ اور معروف ہسپتال اسلام آباد کے ڈاکٹر یاسر رحمان نے پاکستان میں کینسر کی صورتحال، اس سے بچائو کی آگاہی مہم اور علاج کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا اور اس بارے میں اعداد و شمار پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تشخیص کے نتیجے میں اس کا کامیاب علاج ممکن ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر کی سابق نائب صدر فاطمہ عظیم نے چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم اور اس سے بچائو کیلئے بیگم ثمینہ عارف علوی کے سرگرم کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی مہم کو جاری رکھا جائے تاکہ اس سے ہونے والی اموات کو کم کیا جاسکے۔ تقریب میں چئیرمیں فائونڈر گروپ میاں اکرم فرید، جمشید اختر شیخ اور محمد فہیم خان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے بیگم ثمینہ عارف علوی کو سووینئر پیش کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں