صدر مملکت کا پسماندہ علاقوں میں احتیاط اور علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی رسائی بڑھانے پر زور

منگل 26 اکتوبر 2021 23:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی رسائی بڑھانے پر زور دیا ہے تاکہ پورے ملک اور بالخصوص پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں احتیاط اور علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے،ملک کے صحت کے شعبے کو طبی پیشہ ور افراد اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کی وجہ سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، امید ہے کہ صحت مند جوان پروگرام کمیونٹی کی سطح پر خاص طور پر خواتین اور بچوں کو صحت کی خدمات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت صحت مند جوان پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے نمائندے ڈاکٹر بختیار قادرئوف، UNFPA کے نمائندوں اور حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈاکٹر بختیار قادروف نے صحت مند جوان پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے لوگوں کی صحت اور بہبود کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحت مند جوان پروگرام کے مقاصد ہیلتھ کوریج کو بڑھانا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیالکوٹ کو لیڈی ہیلتھ ورکرز کی شمولیت اور کمیونٹی خدمات پر مبنی سمارٹ نیٹ ورک کے ذریعے صحت کی کوریج کو بڑھانے کے ایک پائلٹ پروجیکٹ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے صحت مند جوان پراجیکٹ میں تعاون بڑھانے پر اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کی تعریف کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں