وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ چارلس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

دونوں رہنماؤں کا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی تعاون بڑھانے پر اتفاق، شہزادہ چارلس کی پاکستان کے10 بلین ٹری منصوبے پر وزیراعظم کو مبارکباد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 اکتوبر 2021 22:02

وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ چارلس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ چارلس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، پرنس آف ویلز نے پاکستان کے 10 بلین ٹری منصوبے پر وزیراعظم کو مبارک باد دی۔ برطانوی سفارتخانے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ چارلس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

پرنس آف ویلز نے پاکستان کے 10 بلین ٹری منصوبے پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر شہزادہ چارلس نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، پاکستان خطے میں کلیدی کردار کا حامل ملک ہے۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں گرین انیشیٹو سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی حدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کا واحد ملک ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بہتر اقدامات اور 44 فیصد سرمایہ کاری کر رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اشتراک جاری رکھنا ہوگا، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا کے10 فیصد ممالک 80 فیصد ماحولیاتی آلودگی کے ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں مینگروز کے درخت ہیں، 2023 تک ایک ارب مینگروز کے جنگلات لگائے جائیں گے، مینگروز کے درخت سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کا کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا، 2030 تک پاکستان 60 فیصد کو قابل تجدید توانائی ذرائع پر منتقل کردیا جائے گا، ماحول کے تحفظ کیلئے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ پاکستان میں غیرملکیوں کیلئے سرمایہ کاری کے بےپناہ مواقع موجود ہیں۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں