نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہلکا لیا تھا

نیوزی لینڈ وہی ٹیم ہے جس نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تھا مگر اللہ کا کرم ہوا کہ اسی نیوزی لینڈ کو پاکستان نے ہرا دیا۔ اداکارہ میرا کا پاک نیوزی لینڈ میچ پر تبصرہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 27 اکتوبر 2021 11:39

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہلکا لیا تھا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2021ء) 17 سمتبر 2021 کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کا جواز بنا کر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کر دی گئی تھی تاہم گذشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی تھی جس کے بعد پاکستانیوں کی جانب سے دلچسپ قسم کے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ میرا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی شاندار جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کیویز پر تنقید کی۔جیو ٹی وی کے پروگرام جشن کرکٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہلکا لیا تھا مگر اللہ کا کرم ہوا کہ اسی نیوزی لینڈ کو پاکستان نے ہرا دیا۔اداکاری میرا نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ وہی ٹیم ہے جس نے پاکستانکے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں کے یکطرفہ شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بناسکی جس کے جواب میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ کے برعکس بابراعظم اس بار صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور 11 رنز ہی بناسکے، محمد حفیظ بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم شعیب ملک نےذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آخر میں آصف علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چھکوں کی برسات کردی۔

شعیب ملک اور آصف علی 27،27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 17 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کا شکار بنے اور مچل 27 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جب کہ جمی نیشام صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان کین ولیمسن نے ڈیوڈ کونوے کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 25 رنز بنانے کے بعد حسن علی نے انہیں اپنی ہی گیند پر رن آؤٹ کردیا اور ڈیوڈ کونوے بھی 27 رنز پر ہمت ہارگئے۔ گلین فلپس کی اننگز کا خاتمہ 13 رنز پر حارث رؤف نے کیا۔ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے آخری 4 اوورز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیویز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ ٹم سفرٹ بھی 8 رنز ہی بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، شاہین آفریدی ، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں