پاکستان کے لئے سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کے ڈیپازٹ ، 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی پر آئل فیسلٹی کا اعلان

بدھ 27 اکتوبر 2021 11:48

پاکستان کے لئے سعودی عرب  کی جانب سے تین ارب ڈالر کے ڈیپازٹ ، 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی پر آئل فیسلٹی کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2021ء) سعودی حکومت نے  سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے ساتھ ساتھ 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی پر آئل فیسلٹی کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد  ادائیگیوں میں توازن کے معاملے پر پاکستان کی مدد کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فنڈفار ڈیویلپمنٹ  نے جذبہ خیرسگالی کے اظہار کے طور پر سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ  رکھنے   کا اعلان کیا ہے  جس کا مقصدغیر ملکی ذر مبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے  پاکستان کی حکومت کو     معاونت فراہم کرنا اور کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نمٹنا ہے  ۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق   سٹیٹ بینک کے یہ ڈیپازٹ  موخر ادائیگی پر اس سال کے دوران   1.2 ارب ڈالر کی  پٹرولیم مصنوعات کی آئل فیسلٹی کے علاوہ ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے نے مزید کہا ہے کہ  جذبہ خیر سگالی کے تحت یہ اقدام سعودی حکومت  کی طرف سے پاکستانی معیشت کی معاونت کے مستقل موقف کا اظہار ہے۔سعودی حکومت کی طرف سے یہ اعلان دنیا بھر میں اشیاء کے نرخوں میں اضافے  کے  نتیجہ میں    پاکستان کے غیر ملکی ذر مبادلہ کے ذخائر پر بڑھ جانے والے دبائو  کو کم کرے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں