حکومت کا عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مہنگی کر دی گئی

بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری، صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادائیگی کرنا ہو گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 27 اکتوبر 2021 12:52

حکومت کا عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مہنگی کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 اکتوبر2021ء) حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا۔پٹرول اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن، کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔

صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادائیگی کرنا ہو گی۔ نیپرا نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظوری دی۔ سی پی پی اے نے بجلی 2 روپے 66 پیسے مہنگی کرنےکی درخواست کی تھی۔دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام مہنگائی ، پیٹرولیم ،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے باہراحتجاجی ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، احتجاج میں اراکین صوبائی اسمبلی اورکارکنان کی بڑی تعدادنے شرکت کی ،شرکاء ہاتھوں میںکتبے اٹھا کر حکومت اورمہنگائی کے خلاف نعرے لگاتے رہے ، ریلی اوراحتجاج کے باعث ڈیوٹی فری شاپ اورملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل رہا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی جانب سے مہنگائی ،بیروزگاری ، پیٹرولیم ، بجلی اور گیس کی قیمتوںمیں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے باہر ڈیوٹی فری شاپ روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بعدازاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔احتجاج میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری ،حناپرویز بٹ،سمیرا کومل،سنبل ملک ، طارق گل،مرزاجاوید سمیت دیگر شریک ہوئے ۔

شرکاء نے حکومت اورمہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہاکہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ پاکستان کا وزیراعظم ایک اب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کی منتیں کررہا ہے ،حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر ملک چلارہی ہے ،عوام کے استعمال کی اشیاء پر سبسڈی دینا تو دور انہوں نے کھانے پینے والی ہر چیز پر 12سے 17فیصد تک ٹیکس بڑھادیا ہے ۔

مسلم لیگ(ن)کے دور حکومت میں مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پرتھی ،آج پاکستان میں مہنگائی کی شرح 14فیصد سے بھی تجاوز کرچکی ہے ،آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرکے بجلی اور گیس کی قیمتیں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر پندرہ روزبعداضافہ کرنا حکومت کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا ہے ،بجلی،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست ہر چیز پر پڑتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈالر 175سے بھی اوپر چلا گیا ہے ،اسحاق ڈار پر منصوعی طریقے سے ڈالر کنٹرول کرنے کے الزامات لگائے جاتے تھے ،آج ڈالر ایسے اوپر جارہا ہے جیسے عمران خان کی اے ٹی ایمز کا بینک بیلنس بڑھ رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں