مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ ملٹرائزڈ علاقہ ہے، ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے،

دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی، یہ سفر کشمیر کی آزادی پر ہی منتج ہوگا، چوہدری فواد حسین

بدھ 27 اکتوبر 2021 14:50

مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ ملٹرائزڈ علاقہ ہے، ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ ملٹرائزڈ علاقہ ہے جہاں ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے، پاکستان سات دہائیوں پر مشتمل کشمیری عوام کے آزادی کے سفر میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں جس طرح کشمیریوں نے قربانیاں دیں، اس کی مثال ملنا مشکل ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی، یہ سفر کشمیر کی آزادی پر ہی منتج ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر منعقدہ تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں اس جبر، استبداد اور تشدد کی ایک جھلک دیکھی جا سکتی ہے جو کشمیری عوام پر ہندوستان کی فوج نے روا رکھے ہیں، آج مقبوضہ وادی میں ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیر کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں، ان کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے کشمیر پر تین جنگیں لڑی ہیں، ہمارے فوجی جوانوں نے کشمیر کے لئے شہادتیں دی ہیں، ہمارے قبرستان شہیدوں کے خون سے مہکتے ہیں، ہماری سیاست، معیشت اور خارجہ پالیسی کشمیر کے گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کا کشمیر کے لوگوں کے لئے محبت کا اظہار ہے جو ہم نے اپنے خون، معیشت اور دامے، درمے، سخنے کیا ہے، انشاءاللہ یہ جذبے ہمیشہ سلامت رہیں گے، کشمیر کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی، یہ سفر کشمیر کی آزادی پر ہی منتج ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں