عدالت نے معاون خصوصی شہباز گل کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دئیے

شہباز گل یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔سیشن کورٹ لاہورکا حکم

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:16

عدالت نے معاون خصوصی شہباز گل کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دئیے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28اکتوبر 2021ء) سیشن کورٹ لاہور نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ایڈیشنل سیشن جج حسنین اظہر نے سماعت کی۔نجی کمپنی نے شہباز گل کے خلاف دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

سیشن کورٹ نے شہباز گل کی عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہباز گل یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ شہباز گل 30 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔عدالت کی جانب سے شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری عدالت میں عدم پیشی کے باعث جاری کیے گئے۔ واضح رہے کہ سابقہ میٹرو بس آپریٹرکمپنی پلیٹ فارم ٹورزم کی جانب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف ہتک عزت دعویٰ دائر کی گیا تھا ۔

(جاری ہے)

16 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں کمپنی کی جانب سے ترک سی ای اوز ، لیگل ایڈوائزرزاور سنئیر انتظامیہ کمرہ عدالت میں حاضر ہوئے۔شہباز گل کی جانب سے وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ دوران سماعت پلیٹ فارم ٹورزم کے ترک سی ای او نے کہا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کمپنی کے خلاف بیان بازی کی۔ انہوں نے ذاتی حیثیت میں پلیٹ فارم کمپنی پر بے بنیاد الزامات لگائے جس کے باعث کمپنی کی کاروباری ساکھ متاثر ہوئی جبکہ مالی نقصان بھی ہوا۔

شہباز گل کی جانب سے بغیر ثبوتوں کے بیان بازی اور بے بنیاد الزامات نے سرمایہ کاروں کیلئے ایک منفی ماحول پیدا کر دیا ہے جو کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کا سبب بن سکتا ہے۔ان کا عمل سیاسی انتقام کے مترادف ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں