پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا، چارٹر آف اکانومی کے ساتھ چارٹر آف سکیورٹی پر بھی بات ہونی چاہیے،

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا کانفرنس سے خطاب

جمعرات 28 اکتوبر 2021 14:22

پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا، چارٹر آف اکانومی کے ساتھ چارٹر آف سکیورٹی پر بھی بات ہونی چاہیے،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2021ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہےکہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا، ہمیں پاکستان کا بیانیہ مضبوط اور بہتر طور پر اجاگر کرنے کی تدابیر کرنا  ہوں گی، چارٹر آف اکانومی کے ساتھ چارٹر آف سکیورٹی پر بھی بات ہونی چاہیے۔ جمعرات کو یہاں پاکستان کے قومی بیانیے  سے متعلق منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی بیانیےکودنیا کے سامنے رکھنے کےلیے میڈیا کی جدتوں کے ساتھ چلنا ہو گا، ایک ہی بیانیہ ہر جگہ ایک ہی طرح سے نہیں سمجھا جا سکتا ہے، مختلف بیانیے مل کرہی بتاتے ہیں کہ پاکستان کیسا ملک ہے۔

معید یوسف نے کہاکہ 20 سال سے مغرب میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثر پیدا کیا گیا لیکن پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان حقائق پرمبنی قومی بیانیے پریقین رکھتا ہے تاہم ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہماری بات زیادہ کیسےسنی جائے گی، قومی بیانیے کودنیا کے سامنے رکھنے کےلیےمیڈیا کی جدتوں کےساتھ چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپناموقف بیان کرنے میں ہمارا رویہ معذرت خواہانہ نہیں ہونا چاہیے، ہمیں کھل کر بات کرنی چاہئے کہ ہمارے لئے سٹریٹجک بہتری کس معاملے میں ہے، دنیا کو بتانے کے لیے پاکستان کے پاس مثبت اور حقیقت پر مبنی کامیابیاں ہیں۔

معید یوسف نے کہاکہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک کمیونیکیشن میں پیچھے ہیں، ہمیں رابطہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری پر توجہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں چارٹر آف اکانومی کے ساتھ چارٹر آف سکیورٹی پر بھی بات ہونی چاہیے، بطور مسلم ریاست، اتحاد، انسانی فلاح، امن اور ملکی مفادات پر قومی ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں