پنجاب کے کسانوں کوکھاد پرجلد11 ارب کی سبسڈی دیں گے، فرخ حبیب

کسانوں کو ڈی اے پی بوری پر ایک ہزار کی سبسڈی دیں گے، وفاقی حکومت نے سبسڈی کیلئے ساڑھے7 ارب منظور کرلیے، سندھ سبسڈی کی رقم میں اپنا حصہ نہیں ڈال رہا۔ وزیرمملکت اطلاعات ونشریات کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 نومبر 2021 18:17

پنجاب کے کسانوں کوکھاد پرجلد11 ارب کی سبسڈی دیں گے، فرخ حبیب
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2021ء) وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے کسانوں کوکھاد پرجلد 11 ارب کی سبسڈی دیں گے، کسانوں کو ڈی اے پی بوری پرایک ہزارکی سبسڈی دیں گے، وفاقی حکومت نے سبسڈی کیلئے ساڑھے سات ارب منظور کرلیے، سندھ سبسڈی کی رقم میں اپنا حصہ نہیں ڈال رہا۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی نہیں ہورہی، سندھ میں کسانوں کو استحصال کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت نے ڈی اے پی کھاد کی بڑھتی قیمتوں پر فی بوری ایک ہزار روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں وفاق اورصوبے اپنا حصہ ڈالیں گے، وفاقی حکومت نے سبسڈی کیلئے ساڑھے7 ارب منظور کرلیا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخواہ بھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وفاق اور پنجاب نے گیارہ ارب روپیہ سبسڈی کیلئے مختص کردیا ہے، پنجاب کے کسان کو جلد کھاد پر سبسڈی دینے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن سندھ حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی ہوئی ہے، پہلے وڈیرے پانی بند کردیتے ہیں، اب سندھ سبسڈی میں شیئر نہیں ڈال رہا۔ سندھ میں 13، 13ارب کی گندم چوری ہوجاتی ہے پھر کہتے چوہے کھا گئے، یہ کون سے چوہے ہیں جو بلاول ہاؤ س میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے میڈیا کے اشتہارات بند کیے تاکہ اپنی چوری بچایا جائے، چار بڑے میڈیا گروپس کے اشتہارات کو بند کیا گیا جس کو انہوں نے تسلیم کیا، میڈیا مالکان، ایڈیٹرز اور تنظیمیں موجود ہیں سب کو آواز اٹھانی چاہیے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے وزیراعظم ہاؤس کے اندر بیٹھ کر میڈیا کے اشتہارات بند کر ائے، آج میڈیا کھل کر حکومت پر تنقید کرتا ہے، ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی، ایک جھوٹ بولیں تو 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، آڈیو سے پتہ چل گیا کہ آواز مریم صفدر کی ہے، ہم اس کی مزید تفصیل بھی سامنے لے کر آئیں گے، سندھ حکومت کو این ایف سی کا پورا شیئر ادا کیا گیا، کسانوں کے استحصال کا جواب سندھ حکومت کو دینا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں