ہمیں فاشسٹ کہنے والے خود اس سے بہت بڑے فاشسٹ ہیں، عمران خان

ن لیگ نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، مریم نوازنے کس حیثیت میں اشتہارات بند کرنے کی بات کی؟ یہ کہتے ہم نے میڈیاپر پابندی لگا ئی ان کا کچا چٹھا سب سامنے آگیا ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 نومبر 2021 18:38

ہمیں فاشسٹ کہنے والے خود اس سے بہت بڑے فاشسٹ ہیں، عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں فاشسٹ کہنے والے خود اس سے بڑھ کر فاشسٹ ہیں، ن لیگ نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، مریم نوازنے کس حیثیت میں اشتہارات بند کرنے کی بات کی؟ ہمیں میڈیاپر پابندی لگا نے کا کہنے والوں کاکچا چٹھا سب سامنے آگیا ہے۔جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی ، معاشی اور مہنگائی سے متعلق بات چیت کی گئی۔

وزارت اطلاعات نے وزیراعظم اشتہارات سے متعلق بریفنگ دی، وزارت اطلاعات نے کاروائی سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم میڈیاپر پابندی لگا رہے ہیں ان کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پر بھی بات چیت ہوئی،وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں یہ خود اس سے بھی بڑھ کر فاشسٹ ہیں، ن لیگ نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، وزیراعظم نے کہا کہ مریم نوازنے کس حیثیت میں یہ بات کی؟ مزید برآں وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی نہیں ہورہی، سندھ میں کسانوں کو استحصال کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت نے ڈی اے پی کھاد کی بڑھتی قیمتوں پر فی بوری ایک ہزار روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں وفاق اورصوبے اپنا حصہ ڈالیں گے، وفاقی حکومت نے سبسڈی کیلئے ساڑھے7 ارب منظور کرلیا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخواہ بھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وفاق اور پنجاب نے گیارہ ارب روپیہ سبسڈی کیلئے مختص کردیا ہے، پنجاب کے کسان کو جلد کھاد پر سبسڈی دینے جا رہے ہیں۔

لیکن سندھ حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی ہوئی ہے، پہلے وڈیرے پانی بند کردیتے ہیں، اب سندھ سبسڈی میں شیئر نہیں ڈال رہا۔ سندھ میں 13، 13ارب کی گندم چوری ہوجاتی ہے پھر کہتے چوہے کھا گئے، یہ کون سے چوہے ہیں جو بلاول ہاؤ س میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے میڈیا کے اشتہارات بند کیے تاکہ اپنی چوری بچایا جائے، چار بڑے میڈیا گروپس کے اشتہارات کو بند کیا گیا جس کو انہوں نے تسلیم کیا، میڈیا مالکان، ایڈیٹرز اور تنظیمیں موجود ہیں سب کو آواز اٹھانی چاہیے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے وزیراعظم ہاؤس کے اندر بیٹھ کر میڈیا کے اشتہارات بند کر ائے، آج میڈیا کھل کر حکومت پر تنقید کرتا ہے، ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی، ایک جھوٹ بولیں تو 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، آڈیو سے پتہ چل گیا کہ آواز مریم صفدر کی ہے، ہم اس کی مزید تفصیل بھی سامنے لے کر آئیں گے، سندھ حکومت کو این ایف سی کا پورا شیئر ادا کیا گیا، کسانوں کے استحصال کا جواب سندھ حکومت کو دینا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں