وزیراعظم نے آٹا اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قراردے دیا

سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی نہیں کی، کراچی میں مہنگائی کے اعشاریے سب سے زیادہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 نومبر 2021 19:07

وزیراعظم نے آٹا اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قراردے دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے آٹا اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قراردے دیا، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی نہیں کی، کراچی میں مہنگائی کے اعشاریے سب سے زیادہ ہیں۔ دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی ، معاشی اور مہنگائی سے متعلق بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کا معاملہ سندھ حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے آٹا اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی نہیں کی، کراچی میں مہنگائی کے اعشاریے سب سے زیادہ ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق وزارت اطلاعات نے وزیراعظم اشتہارات سے متعلق بریفنگ دی، وزارت اطلاعات نے کاروائی سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم میڈیا پر پابندی لگا رہے ہیں ان کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیا ہے۔ اجلاس میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پر بھی بات چیت ہوئی،وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں یہ خود اس سے بھی بڑھ کر فاشسٹ ہیں، ن لیگ نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، وزیراعظم نے کہا کہ مریم نوازنے کس حیثیت میں یہ بات کی؟ مزید برآں وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی نہیں ہورہی، سندھ میں کسانوں کو استحصال کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت نے ڈی اے پی کھاد کی بڑھتی قیمتوں پر فی بوری ایک ہزار روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں وفاق اورصوبے اپنا حصہ ڈالیں گے، وفاقی حکومت نے سبسڈی کیلئے ساڑھے7 ارب منظور کرلیا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخواہ بھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وفاق اور پنجاب نے گیارہ ارب روپیہ سبسڈی کیلئے مختص کردیا ہے، پنجاب کے کسان کو جلد کھاد پر سبسڈی دینے جا رہے ہیں۔

لیکن سندھ حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی ہوئی ہے، پہلے وڈیرے پانی بند کردیتے ہیں، اب سندھ سبسڈی میں شیئر نہیں ڈال رہا۔ سندھ میں 13، 13ارب کی گندم چوری ہوجاتی ہے پھر کہتے چوہے کھا گئے، یہ کون سے چوہے ہیں جو بلاول ہاؤ س میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے میڈیا کے اشتہارات بند کیے تاکہ اپنی چوری بچایا جائے، چار بڑے میڈیا گروپس کے اشتہارات کو بند کیا گیا جس کو انہوں نے تسلیم کیا، میڈیا مالکان، ایڈیٹرز اور تنظیمیں موجود ہیں سب کو آواز اٹھانی چاہیے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے وزیراعظم ہاؤس کے اندر بیٹھ کر میڈیا کے اشتہارات بند کر ائے، آج میڈیا کھل کر حکومت پر تنقید کرتا ہے، ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی، ایک جھوٹ بولیں تو 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، آڈیو سے پتہ چل گیا کہ آواز مریم صفدر کی ہے، ہم اس کی مزید تفصیل بھی سامنے لے کر آئیں گے، سندھ حکومت کو این ایف سی کا پورا شیئر ادا کیا گیا، کسانوں کے استحصال کا جواب سندھ حکومت کو دینا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں