سماجی بہبود کے کاموں اورچھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کا کردار اہمیت کا حامل ہے،خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی

ہفتہ 27 نومبر 2021 13:21

سماجی بہبود کے کاموں  اورچھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن    کا کردار اہمیت کا حامل ہے،خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2021ء) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اورخصوصی افراد کو تعلیم اورہنر سکھا کر انہیں اس معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے،چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن نے کووڈ۔

19کے دوران سماجی بہبود کے کاموں میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو یہاں فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کے سالانہ چیریٹی بازار کا افتتاح کرتے ہوئے  کہی ۔ ایسوسی ایشن کی پیٹرن انچیف مہرین قریشی نے خاتون اول کا خیرمقدم کیا۔ چیریٹی بازار میں مختلف سفارتخانوں اور ہائی کمشنز نے اپنے سٹال لگائے ہیں جس سے اس ایونٹ کا کثیر ثقافتی تاثر اجاگر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

چیریٹی بازار میں غیرملکی سفارتکاروں اور ان کے اہلخانہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ کے افسران اورمیڈیا کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پرموجود تھی۔خاتون اول نے فیتہ کاٹ کر بازار کا افتتاح کیا جس کے بعد انہوں نے مختلف ممالک کی طرف سے لگائے جانے والے  سٹالز کا دورہ کیا۔ سینیٹر ولید اقبال اور سینیٹر فیصل جاوید خان سمیت معروف سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

خاتون اول نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن سماجی بہبود کے حوالے سے اہم کردار ادا کررہی ہے، چیریٹی بازار میں تعاون فراہم کرنے پر تمام سفارتخانے ، سفارتی مشنز اور مختلف تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن نے کووڈ۔19 کے دوران سماجی بہبود کے کاموں میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ اس کے علاوہ چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں بھی تنظیم کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔

چھاتی کے سرطان کے بارے میں قومی سطح پرمہم جاری ہے اس میں متعدد تنظیمیں، کالجز، یونیورسٹیاں ایک اچھے مقصد کیلئے کام کررہی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ اس بیماری کے بارے میں شہریوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائی جائے اور معائنے کی اہمیت کو اجاگرکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے چیریٹی بازار کے دورے سے انہیں یہ بات کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستانی مصنوعات بہترین ہیں اور یہ کسی بھی ملک کی مصنوعات کے ساتھ مقابلہ کرسکتی ہیں۔

خاتون اول نے کہا کہ خواتین کو بااختیاربنانا حکومت کی ترجیح ہے، اس کے ساتھ ساتھ معذور افراد بھی ہماری توجہ کے مستحق ہیں ، معذور افراد کو تعلیم اورہنر کی فراہمی سے ان کے بہت سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں ایسے افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان با علم ،حساس اور باصلاحیت ہیں ہمیں اپنے نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا، ہم سمجھتے ہیں  کہ خواتین اورخصوصی افراد کو تعلیم اورہنر سکھا کر انہیں اس معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے چیریٹی بازار کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد یہ چیریٹی بازار منعقد ہورہا ہے۔ انہوں نے بازار کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کاشکریہ ادا کیا اورکہا کہ مختلف ثقافتوں کے درمیان رابطے بڑھانے میں فارن آف ویمن ایسوسی ایشن کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔

اس کے علاوہ فلاحی کاموں کیلئے عطیات اکٹھے کرنے  اور انہیں مستحقین میں تقسیم کرنے میں بھی ایسوسی ایشن کا اہم کردار ہے۔ایسوسی ایشن پاکستان کی سماجی اور ثقافتی اقدار کو روشناس کرارہی ہے۔ ایسوسی ایشن کی صدر مہوش سہیل نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ فارن آف ویمن ایسوسی ایشن کے قیام کو70 سال سے زائد ہوگئے ہیں اور یہ ایسوسی ایشن وزارت خارجہ کے نچلے درجے کے ملازمین کے بچوں کو تعلیم وصحت کی سہولیات کی فراہمی  اورزلزلہ، کووڈ سمیت  دیگرقدرتی آفات  سے نمٹنے کے لئے بھی کردار ادا کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں