وفاقی حکومت کا کراچی گرین لائن بس سروس 25 دسمبر سے شروع کرنے کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان کراچی آ کر گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 نومبر 2021 13:34

وفاقی حکومت کا کراچی گرین لائن بس سروس 25 دسمبر سے شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2021ء ) پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے کراچی گرین لائن بس سروس کو 25 دسمبر سے شروع کرنے کا اعلان کردیا ، وزیر اعظم عمران خان کراچی آ کر گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی گرین لائن بس سروس کو 25 دسمبر سے شروع کرنے کا اعلان وفاقی وزیر اسد عمر نے کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کل کراچی گرین لائن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا ، جس کے تحت اگلے دس 10 روز میں یہ منصوبہ ٹرائل آپریشن کے لیے تیار ہو گا ، وزیر اعظم عمران خان کراچی آ کر گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے اور 2 ہفتے ٹرائل آپریشن کے بعد 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی گرین لائن بس منصوبے کیلئے 80 جدید بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں ، منصوبے کیلئے چین میں تیار کی جانے والی جدید بسیں 2 علیحدہ شپ منٹس کے ذریعے کراچی پہنچائی گئیں ، پہلے فیز میں گرین لائن بسیں سرجانی ٹائون سے نمائش چورنگی(گرومندر)تک چلائی جائیں گی، جہاں اب تک ٹریک مکمل ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ 2016 میں شروع ہوا تھا ، کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں، یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں ، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔

بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا ، 18 میٹر لمبی بسوں میں 40 نشستیں ہیں ، کھڑے ہوکر اور نشستوں پر بیک وقت 150 افراد سفر کرسکیں گے، زیادہ رش کی صورت میں 190 مسافروں کی گنجائش ہوگی ، بسوں میں معذور افراد کے لیے جگہ خصوصی ہے اور خودکار ریمپ نصب ہے۔ ہر بس میں دو وہیل چیئرز کی جگہ مخصوص ہے ، بسوں میں خواتین اور معذور افراد کیلئے مخصوص نشستیں ہوں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں