تاجروں کوہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے،احسن اقبال

پاکستان روپے کی اتنی بے قدری برداشت نہیں کرسکتا،خدارا حکمران اس کا ٹھوس حل نکالیں وگرنہ مہنگائی کم نہیں ہوگی،جمشیداخترشیخ جمشید اختر شیخ نے احسن اقبال کا شکریہ اداکیا اور اُ ن کی تاجروں اور صنعتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے کی گئی کاوشوں کوسراہا

اتوار 28 نومبر 2021 19:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے جمشید اخترشیخ کواسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر سے ملاقات کے دوران تاجروں اور بزنس مینوں کے مسائل پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) مضبوط معیشت کیلئے تاجروں اور صنعتکاروں کے کردار کوہمیشہ اہمیت دیتی ہے،کیونکہ تاجر برادری ہی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس ملک کی معیشت بہتر ہوگی وہی ملک ترقی کرے گا،قائد میاںمحمد نوازشریف نے ہمیشہ تاجروں اور صنعتکاروں کے معیشت کے استحکام کیلئے کردار کو ہمیشہ سراہا ہے اور بطو ر وزیراعظم انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیںکیونکہ جب ملکی معیشت ترقی کرتی ہے اور مستحکم ہوتی ہے تو ملک ترقی کرتاہے اور اُس کے عوام خوشحال ہوتے ہیں،بہتر ملکی معیشت ہی ایک مضبوط ریاست کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب سنیئر نائب صدرجمشید اخترشیخ نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تاریخ کی بلند ترین سطح پر ڈالر اور تجارتی خسارے کا جانا الارمنگ ہے،ہمارے معاشی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ اگر ہم نے اپنی برآمدات بڑھانے اور درآمدات کو قابو میں رکھنے سمیت اہم معاشی فیصلے نہ کئے تو ہم اپنی بڑھتی ہوئی آبادی جس میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے ان کو روزگار عوام کو سستی اشیاء اور بجلی، گیس مناسب ٹیرف نہیں دے سکیں گے، جس سے ملک میں بدامنی اور معاشی ابتری بڑھنے کا خدشہ ہے،حکومت سازگار ماحول کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کرے،لہذا اب تمام سیکٹرز کو یکساں مواقع دینے ہوں گے تاکہ معیشت کا پہیہ چلتارہے۔

انہوں نے شرح سود میں150بیسز پوائنٹ اضافے پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ اضافہ حیرت انگیز ہے اور سرمایہ تک کاروباری برادری کی رسائی مزید مشکل ہوجائے گی،کاروباری شعبہ کی مشکلات بڑھنے سے معیشت کیلئے بھی مسائل پیداہونگے،اس قت جب تجارت اور صنعت دونوں کو کسی خصوصی پیکج کی اشد ضرورت تھی،ڈسکائونٹ ریٹ پر اضافہ ناقابل فہم ہے،اسٹیٹ بینک کو یہ اضافہ واپس لیناچاہئیے،پاکستان جیسا ملک روپے کی اتنی بے قدری برداشت نہیں کرسکتا،خدارااس کا ٹھوس حل نکالاجائے وگرنہ مہنگائی کم نہیں ہوگی،روزگار کی باتیں کرنے والے لوگوں کو سستی اشیاء تو فراہم کریں یہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

جمشید اختر شیخ نے ملاقات کے آخر میں مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا شکریہ اداکیا اور اُ نکی تاجروں اور صنعتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے کی گئی کاوشوں کوسراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں