نااہل حکمرانوں نے غریب عوام کا جینا محال کردیا،یہ کیسی تبدیلی ہے کہ جو عوام کی مشکلات کم کرنے کے بجائے مسلسل اضافہ کررہی ہے،انجم عقیل خان

مہنگائی بیر وزگاری ،غربت کے حوالے سے حکمران انتہائی بے حسی کامظاہرہ کررہے ہیں،تحریک انصاف مہنگائی کا سونامی ثابت ہوئی،مسلم لیگی رہنما

اتوار 28 نومبر 2021 19:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری و سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ سونامی سرکار غریب عوام کومارنے پر تلی ہوئی ہے،پاکستانی تاریخ میں کسی حکومت نے اس قدر عوام دشمنی کا مظاہرہ نہیں کیا جتنا تباہی سرکار نے کیا،یہ کیسی تبدیلی ہے کہ جو عوام کی مشکلات کم کرنے کے بجائے ان میں مسلسل اضافہ کررہی ہے، کل کنٹینر پر کھڑے ہو کر جو ڈرامے عمران نیازی کرتے رہے،قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکتے رہے،جھوٹے وعدوں کے ساتھ ووٹ لے کرعوام کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا،تحریک انصاف مہنگائی کا سونامی ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ خطے میں دوسرے ممالک کی نسبت پاکستا ن میں مہنگائی کم،وزیراعظم عمران نیازی کا بیان غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی،تبدیلی سرکار کے نااہل ٹولے نے غریب عوام کا جینامحال کرکے رکھ دیاہے،انہیں احساس ہی نہیں کہ غریب عوام کیلئے مالی مشکلات کس حد تک بڑھ گئی ہیں،غریب عوام خودکشیوں پرمجبور ہوگئے ہیں جبکہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں،عام انتخابات میں عوام سونامی سرکار کے امیدواروں کی ضمانت ضبط کریں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما انجم عقیل خان مزید نے کہاکہ نالائق حکمران ٹولے کی نااہلی ملک کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ بن چکی ہے، ان سے ملک نہیں چل رہا ہے،وزیراعظم اور وزراء فقط جھوٹ بولنے اور سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں جانتے، مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں اور وزیروں مشیروں کی فوج ظفر موج حکومتی مراعات انجوائے کرنے کے سواکچھ نہیں کررہی ،ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں نے عوام کو بے رحم حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھاہے ،انہیں غریب عوام کی کوئی فکر نہیں، تبدیلی سرکار کی طرف سے مہنگائی میں آئے روزاضافہ کیاجارہاہے،حکمران اپنی ترجیحات پر غور کریں اور عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں