الیکشن کمیشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے کارگر ہونے پر بحث و مباحثہ جاری

کم از کم تین اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئیں جو الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر ممکنہ عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر غور کر رہی ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 29 نومبر 2021 16:19

الیکشن کمیشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے کارگر ہونے پر بحث و مباحثہ جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) : الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو لے کر وفاقی حکومت جہاں پُر اُمید دکھائی دے رہی ہے وہیں دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے ای وی ایم پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا جبکہ الیکشن کمیشن میں بھی تاحال ای وی ایم کو لے کر بحث و مباحثہ جاری ہے۔ اس حوالے سے سینئیر صحافی انصار عباسی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلیٰ سطح کی تین کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جن کا کام اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں، لیکن اگر یہ ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور لگتا ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کمیشن پوری کوشش کر رہا ہے کہ نئے نظام کے تحت کام کرے لیکن جلدبازی میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر منتقل ہونا شاید ممکن نہ ہو۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سینئیر ذرائع نے بتایا کہ دیگر ممالک کو ای وی ایم شروع کرنے میں ہی کئی سال لگ گئے تھے لیکن ہم سے توقع کی جا رہی ہے کہ پوری طرح اس سسٹم پر چند سال میں منتقل ہو جائیں۔

ای وی ایم پر ایک مرکزی کمیٹی ہے جس کی سربراہی سیکریٹری الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ دی نیوز کے مطابق ایک اور کمیٹی الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری کے ماتحت قائم کی گئی ہے جس کا کام نئے ووٹنگ سسٹم کے مالی پہلوئوں پر غور کرنا ہے۔ یہ کمیٹی بتائے گی کہ نئے سسٹم کی وجہ سے قومی خزانے پر کتنا بوجھ پڑے گا۔ جبکہ تیسری کمیٹی الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل لاء کے ماتحت تشکیل دی گئی جو الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر منتقل ہونے کیلئے آئین، قانون اور رولز میں ممکنہ تبدیلیوں کی تجویز پیش کرے گی۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ فی الوقت اس نئے نظام کو کارگر بنانے کیلئے تمام پہلوئوں پر غور کر رہا ہے لیکن خدشہ ہے کہ یہ اُس دورانیے میں ممکن نہیں جس میں پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت اس پر عملدرآمد چاہتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں