رحمان ملک کی پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنان کو مبارکباد

پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے اور اس نے ہمیشہ وفاق کی اکائیوں کو مضبوط کیا ہے، بیان

منگل 30 نومبر 2021 00:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) پیپلزپارٹی کے سینئررہنما اورسابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کارکنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن سابق وزیر اعظم شہیدذوالفقار علی بھٹو اور پی پی پی کے بانی ارکان کوخراج عقیدت پیش کرنے کا ہے جنہوں نے پاکستانی عوام کو ان کے بنیادی جمہوری حقوق سے روشناس کرایا۔

انہوں نے کہا کہ اس دن ہم پارٹی کے ان شہداء کو سلام اورخراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے طویل ترین جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس میں بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں۔رحمان ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے پہلے پاکستان کے عوام آئین کی عدم موجودگی کے باعث اپنے بنیادی جمہوری حقوق سے محروم تھی اور پیپلز پارٹی نے انہیں آئین اور ان کے بنیادی جمہوری حقوق کا شعور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جس کی بنیاد آج 1967 میں رکھی گئی تھی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو خیبر سے کراچی تک اور پاراچنار سے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر تک ملک کے ہر حصے میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے اور اس نے ہمیشہ وفاق کی اکائیوں کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان، اس کے عوام کی بہتری اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پارٹی کارکنان شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے آصف علی زرداری نے بطور صدر نہ صرف جمہوریت کو بحال کیا بلکہ پارٹی کو دوبارہ متحرک کیا اور مشکل ترین وقت میں قوم اور پارٹی کی قیادت کی۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ آج یہ دیکھ کر حوصلہ افزا ہے کہ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے ملک کی سینئر قیادت اپنے کارکنوں کے ساتھ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے کارکنوں میں بھرپور اعتماد پیدا کرنے کے لیے شہید بے نظیر بھٹو کی پالیسیوں کو اپنانا ہو گا اور نوجوانوں کیلئے انتہائی پرکشش ایجنڈا،بیروزگاروں کیلئے بہترین پروگرام اورخودروزگار کے لیے کچھ سکیمیں شروع کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ اس طرح کے پروگرام حکومت سندھ شروع کر سکتی ہے اور اقتدار میں آنے پر اسے پورے ملک میں دہرایا جا سکے گیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس دن پر تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اورامید کرتا ہوں کہ ہم سب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مضبوط کرکے پارٹی کو ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی حقیقی پارٹی بنانے کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے پیپلز پارٹی کے منشور پر عملدرآمد کے لیے بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں