بلاول بھٹو زرداری کی تمام جیالوں اور قوم کو یومِ تاسیس کی مبارکباد

طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، اب پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے،ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی پیپلز پارٹی کے تحفے ہیں، چیئر مین پیپلز پارٹی کا بیان

منگل 30 نومبر 2021 14:20

بلاول بھٹو زرداری کی تمام جیالوں اور قوم کو یومِ تاسیس کی مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام جیالوں اور قوم کو یومِ تاسیس کی مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، اب پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے،ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی پیپلز پارٹی کے تحفے ہیں،خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت کے لیئے سرگرم عمل رہیں گے،جمہوری اداروں کو بااختیار اور آئین کی حکمرانی کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین کی جانب سے تمام جیالوں اور قوم کو یومِ تاسیس کی مبارکباد دی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، اب پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی کا منشور و لائحہ عمل ہی، اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ پی پی پی ایک تحریک، جس کی اساس قائدِ عوام کا نظریئہ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیاں ہیں۔انہوںنے کہاکہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے بھی ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیئے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی پیپلز پارٹی کے تحفے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ صوبائی خودمختاری، اور زرعی و معاشی اصلاحات بھی ایسے تحفوں میں شامل ہیں،پاک - چین دوستی اورسی پیک منصوبہ بھی قوم کو پی پی پی کے تحفے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کو محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا طرہِ امتیاز ہے،آج ان تمام جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ان جیالوں کو سلام جنہوں نے کوڑے کھائے، قید و بند، جلاوطنی اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کے سامنا کیا۔ انہوںنے کہاکہ باعثِ فخر ہے کہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کیلئے پارٹی پرعزم ہے،اس مقصد کے حصول کی خاطر کارکنان آج بے مثال جراًت کے ساتھ اپنی جدوجہد میں نئی روح پھونکنے کے لیئے کھڑے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ آج تجدیدِ عہدِ نو کا دن ہے کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت کے لیئے سرگرم عمل رہیں گے،جمہوری اداروں کو بااختیار اور آئین کی حکمرانی کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بھبود و ترقی کے لیئے ہماری تحریک جاری رہے گی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کی انتھک جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک سے ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلنے والا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاوًں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments