سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مستردکردی

الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کے تمام اقدامات کرچکا ہے‘جماعتی بنیاد پرالیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے.عدالت کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 نومبر 2021 14:58

سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مستردکردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 نومبر ۔2021 ) سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مستردکردی ہے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت کی. عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے تمام اقدامات کر چکا، بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے جماعتی بنیاد پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے، جمہوریت کو تقویت دینے کے لیے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے ریمارکس دیے کہ پارٹیوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا. دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہیے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہورہا ہے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، اگر عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی.

خیال رہے کہ 2 نومبر کو تین رکنی لارجر بینچ نے دیہی اور محلہ کونسلوں کے انتخابات غیر جماعتی بنیاد پر کرانے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیاد پر انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا فیصلے میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن جماعتی بنیاد پر الیکشن کرانے کے لیے ضروری اقدامات کرے کیونکہ غیر جماعتی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئین پاکستان کے آرٹیکل 17 کے خلاف ہے قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری کیا تھا الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ 19 دسمبر کو ہو گی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں