سعودی عرب نے حجاج کی تعداد اور حج کا دورانیہ کم کرنے کاعندیہ دیا

اُمید ہے کہ پاکستان ریڈ لسٹ سے نکل جائے گا، حج پالسی 2022ء پر کام کررہے ہیں۔ وزارت مذہبی امور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 نومبر 2021 16:49

سعودی عرب نے حجاج کی تعداد اور حج کا دورانیہ کم کرنے کاعندیہ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : وزارت مذہبی امورکا کہنا ہے کہ حج پالیسی 2022ء پر کام کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امورکے حکام نے کہا کہ پاکستان کورونا کی وجہ سے سعودی عرب کی ریڈ لسٹ میں شامل ہے۔ وزارت مذہبی امور نے کہا کہ سعودی حکام سے بات کی ہے۔

اُمید ہے کہ پاکستان ریڈ لسٹ سے نکل جائے گا۔ حج پالسی 2022ء پر کام کررہے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے کہا کہ سعودی عرب نے حجاج کی تعداد اور دورانیہ کم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ سعودی حکام نے اخراجات کے اضافے کا بھی عندیہ دیا ۔ وزارت نے بتایا کہ سعودی حکام نے حجاج کو پیکیجڈ خوراک دینے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دفعہ آئی ٹی بیسڈ حج ہوگا معاونین کو آئی ٹی سے روشناس کروانا ہوگا۔

سینیٹر عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اگر دورانیہ کم ہوگا تو اخراجات میں بھی کمی ہونی چاہئیے۔ دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق منظور شدہ ویکسین لگوانے والے غیر ملکیوں کو اب قرنطینہ کیے بغیر عمرہ کرنے کی اجازت ہو گی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے افراد جنہوں نے سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین لگوائی ہو گی، وہ آتے ہی عمرہ کی ادائیگی کر سکیں گے، انہیں کسی قسم کے قرنطینہ کی ضرورت نہیں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمرہ کے لیے آنے والے وہ افراد جنہوں نے عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین لگوائی ہے اور وہ منفی پی سی آر کروا چکے ہیں ، انہیں تین روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ جس کے بعد ایسے افراد 48 گھنٹے پابندی کے بعد سرٹیفکیٹ پیش کر کے عمرہ کی ادائیگی کے لیے جا سکتے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب زائرین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے ممالک سے آنے سے قبل ویکسین کے دو ٹیکے لگوائیں اور ویکسی نیشن مکمل کر کے سعودی عرب آئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں