ہدف سے زائد ٹیکس وصولی، وزیراعظم عمران خان کی ایف بی آرکی ٹیم کو مبارکباد

گذشتہ سال کے مقابلے 5 ماہ میں محصولات 37 فیصد بڑھیں، ایف بی آر کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعظم عمران خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 دسمبر 2021 11:11

ہدف سے زائد ٹیکس وصولی، وزیراعظم عمران خان کی ایف بی آرکی ٹیم کو مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2021ء) : وزیراعظم عمران خان نے ہدف سے زائد ٹیکس وصولی پر ایف بی آر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 5 ماہ میں ٹیکس محصولات 37 فیصد بڑھیں۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ سال کےمقابلےمیں5 ماہ میں ٹیکس محصولات 37 فیصد بڑھیں۔

خیال رہے کہ نومبر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی ٹیکس وصولی35 فیصد اضافے سے 470 ارب روپے رہی، ایف بی آر کے مطابق گذشتہ ماہ مقررہ ہدف سے 62 ارب روپے زائد رہی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا، نومبرمیں 35 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا ،گذشتہ ماہ ٹیکس وصولی کا ہدف 408 ارب روپےتھالیکن وصولی 470 ارب روپے رہی۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 5ماہ میں 23کھرب 14ارب روپے ٹیکس جمع ہواجبکہ جولائی سے نومبر تک ٹیکس وصولی کا ہدف 20کھرب 16ارب روپے تھا،اس طرح 5ماہ میں ٹیکس وصولی میں37فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہے کہ دو ماہ قبل بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 2 ماہ کے دوران ٹیکس وصولی کی شرح ہدف سے 23 فیصد زیادہ رہی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے حوالے سے اچھی خبر ہے کہ ایف بی آر نے جولائی اور اگست 2021ء کے دوران 850 ارب روپے اکٹھےکیے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ شرح ٹیکس وصولی کے ہدف سے 23 فیصد اور گزشتہ سال کی نسبت 51 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ رفتار سے ٹیکس کا سالانہ ہدف 5 ہزار 829 ارب آسانی سے حاصل کیا جا سکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں