ووٹنگ کا قانون بن گیا، اب الیکشن الیکٹرونک مشینوں کے ذریعے ہوں گے

40 حلقوں کا فیصلہ اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ سے ہوگا، کئی حلقوں میں 50 ہزار اوورسیز ووٹ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 دسمبر 2021 14:36

ووٹنگ کا قانون بن گیا، اب الیکشن الیکٹرونک مشینوں کے ذریعے ہوں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کابینہ نے آن لائن ویزا کی منظوری دے دی ہے، ووٹ اب الیکٹرانک مشین سے ڈالے جائیں گے کیونکہ یہ اب قانون بن گیا ہے، آئندہ انتخابات ای وی ایم سے ہی ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے گرلز ڈگری کالج ایف بلاک میں نئے ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپنے شہر میں یونیورسٹی کالجز سکولز کا جال بچھا دیا ہے، بچیوں نے 100 میں سے 100 نمبرز لئے میں تو 60 تک نمبر لیتا تھا، پاکستان کی بیٹی پڑھی لکھی جبکہ ہمارا بیٹے نالائق ہوگئے ہیں۔

حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی تحریک نہیں ہے، ساڑھے 3 سال گزر گئے ہیں، اگلے سال بلدیاتی الیکشن ہوں گے پھر عام انتخابات کا ڈھول بج جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان خوش نصیب ہیں انہیں نکمی اپوزیشن ملی۔اوورسیز سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی آئی ایم ایف سے بھی زیادہ پیسہ ملک میں بھیجتے ہیں، پاکستان کے 40 حلقوں میں الیکشن کا فیصلہ اوورسیز ووٹ سے ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ جب پاکستان تحریک انصاف کو پڑیں گے، اپوزیشن پھر روئے گی کہ دھاندلی ہوئی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے، اور ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہے، مہنگائی تنخواہ دار طبقے کو براہ راست متاثر کر رہی ہے۔ سعودی عرب سے پاکستان کا لازوال رشتہ ہے، سعودیہ نے مشکل حالات میں قرض دیا، جس پر اس کے مشکور ہیں، چین بھی پاکستان کی معاشی مشکلات کم کرنے میں معاونت کر رہا ہے، چین پاکستان کا ہمالیہ سے بلند دوست ہے۔ وفاقی وزرا پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی وزراء کے بیرون ممالک جانے پر پابندی روٹین ہے میں تو راولپنڈی سے کہیں بھی نہیں جانا چاہتا۔

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments

>