الیکشن چوری کرنا، ووٹ خریدنا، دھاندلی کرنا، جعلی ویڈیو ٹیپیں بنانا اور پھر اداروں پر دباؤ ڈالنا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے، کنول شوذب

بدھ 1 دسمبر 2021 15:17

الیکشن چوری کرنا، ووٹ خریدنا، دھاندلی کرنا، جعلی ویڈیو ٹیپیں بنانا اور پھر اداروں پر دباؤ ڈالنا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے، کنول شوذب
 اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ یکم دسمبر2021ء) تحریک انصاف کی رہنما کنول شوزب نے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن چوری کرنا، ووٹ خریدنا، دھاندلی کرنا، جعلی ویڈیو ٹیپیں بنانا اور پھر اداروں پر دباؤ ڈالنا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے۔ اپنے بیان میں کنول شوذب نے کہاکہ پتہ نہیں انہیں ای وی ایم سے کیا گھبراہٹ ہے، پارلیمنٹ نے ای وی ایم کا قانون منظور کرلیا ہے اور آئندہ انتخابات ای وی ایم پر ہی ہوں گے، اپوزیشن اس سے گھبرانے کی بجائے الیکشن میں مقابلے کی تیاری کرے، ان کے پاس تو انتخابی امیدوار ہی پورے نہیں ہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہاکہ ای وی ایم کا استعمال درحقیقت بیلٹ پیپرز کے ذریعے ہونے والی دھاندلی روکنے کی کوشش ہے جو ن لیگ ہمیشہ کرتی آئی ہے، آج تک کوئی ایسا الیکشن نہیں جو ن لیگ نے دھاندلی سے نہ جیتا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان قوم کے لیڈر ہیں اور اپنے عوام کے درمیان موجود ہیں، قوم کا پیسہ نواز شریف نے لوٹا اور ملک سے مفروریت کی زندگی گذار رہے ہیں، قومی سلامتی کے حوالے سے بھی نواز شریف کا کردار مشکوک ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک سے محبت کرنے والا لیڈر عمران خان ہے جس نے اپنا سب کچھ اس ملک کے لئے وقف کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج ملکی معاشی مسائل سابقہ ادوار کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے ہیں، ہم نے الیکشن چوری اور پیسہ چوری کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں، انہیں اس پر تکلیف تو ہونی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں