فیصل واڈا دوہری شہریت کیس: اگر آئندہ سماعت پر کوئی نہ آیا تو فیصلہ محفوظ کرلیں گے .الیکشن کمیشن

یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ فیصل واڈا دوہری شہریت کے حامل تھے شہریت چھوڑی ہے تو اس کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کریں.چیف الیکشن کمیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 دسمبر 2021 13:52

فیصل واڈا دوہری شہریت کیس: اگر آئندہ سماعت پر کوئی نہ آیا تو فیصلہ محفوظ کرلیں گے .الیکشن کمیشن
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 دسمبر ۔2021 ) الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں حکمران جماعت کے سینیٹر فیصل واڈا سمیت تمام فریقین کو آخری موقع دیتے ہوئے تحریری معروضات اور دلائل جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصل واڈا نااہلی کیس کی سماعت کی جس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ فیصل واڈا دوہری شہریت کے حامل تھے شہریت چھوڑی ہے تو اس کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کریں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقدمات نمٹا کر آئندہ انتخابات کی تیاری کرنی ہے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ سماعت پر کوئی نہ آیا تو فیصلہ محفوظ کرلیں گے فیصل واڈا کے وکیل اپنے اہل خانہ کی علالت کے باعث پیش نہ ہوئے جس پر الیکشن کمیشن کے رکن سندھ نے معاون وکیل کے پاس کیس کی فائل نہ ہونے پر سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ طے کر کے آئے ہیں کہ کیس چلنے نہیں دینا.

چیف الیکشن کمشنر نے فیصل واڈا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تحریری دلائل جمع کروا دیں فیصلہ محفوظ کرلیتے ہیں دوسرا آپشن یہ ہے کہ خود دلائل دے دیں گے توفیصلہ کرلیں گے فیصل واڈا نے پیدائشی طور پر دوہری شہریت رکھنے کا موقف اپنایا تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سوال یہی ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت آپ کے پاس دوہری شہریت تھی یا نہیں.

فیصل واڈا نے کہا کہ کسی بھی ملک کی کاغذی کارروائی کا علم نہیں پاسپورٹ سرنڈر کردیا تھا شہریت چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ کا اب علم ہوا ہے اسے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر 7 سرٹیفکیٹس چل رہے ہیں، کس کو درست مانوں؟معلوم نہیں درخواست گزار کہاں سےسرٹیفکیٹ لے کر آگئے. فیصل واڈا نے کیس خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے جواب کے لیے مزید مہلت طلب کی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائی کورٹ نے دو ماہ میں کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، ہمیں مقدمات نمٹا کر آئندہ انتخابات کی تیاری کرنی ہے، مزید التوا کا شکار نہیں ہونے دیں گے بعدازاں کمیشن نے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں