قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام اہل افراد کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کل پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگی

جمعرات 2 دسمبر 2021 16:06

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام اہل افراد کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کل  پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام اہل افراد کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کل (جمعہ کو )پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگی، خصوصی طور پر اہل افراد کا عالمی دن اقوام متحدہ کے عالمی تھیم" کورونا وباء کے بعد خصوصی افراد کی قیادت اور شرکت کو یقینی بنانا اور ان کیلئے قابل رسائی دنیا کا قیام" کے تحت منایا جا رہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد کوویڈ -19 کے دوران خصوصی افراد کو درپیش چیلنجز اور ان کے جامع اور پائیدار حل کو یقینی بنانا اور معاشرے پرخصوصی افراد کے سلسلے میں عائد ہونے والی ہماری ذمہ داریوں کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔اس خصوصی تقریب کے انعقاد کے موقع پرسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سےخصوصی طور پر اہل افراد کے لئےاٹھائے گئے اقدامات اور پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت کو قابل رسائی بنانے، قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت اور سماعت سے محروم افراد کے لیے پڑھنے اور سننے کے قابل بنانے اور آئین پاکستان کو بریل رسم الخط میں ترتیب دینے کے اقدامات کا افتتاح کریں گے،یہ اقدامات خصوصی افراد کودرپیش مشکلات کو دور کرنے ،ان کے اعتماد میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

خصوصی افراد کے دن پر تقریب کا انعقاد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں ملک کا کارآمد شہری بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی کڑی ہے۔سپیکر خصوصی طور پر اہل افراد کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور موجودہ قوانین پر نظر ثانی کے لیے قانون سازی کے ذریعے طویل مدتی اصلاحات لانے کیلئے کوشاں ہیں۔خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا  ہے کہ خصوصی طور پر اہل افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور انہیں تعلیم اور روزگار کے ساتھ تمام بنیادی سہولیات کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ عام شہریوں کی طرح ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے اور ان کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی اور ان سےتعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورحکومت ان کو زندگی کے ہر میدان میں یکساں سہولیات کی فراہمی کو یقنی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے خصوصی افرادکے مسائل کے حل اوراس سلسلے میں قانون سازی کرنے کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی نےخصوصی طور پر اہل افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں بلا تفریق قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے قابل ذکر تجاویز اور پالیسیاں مرتب کی ہیں جو خصوصی افراد کے مسائل کے حل کیلئے قانون سازی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

تقریب سے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے کلیدی خطاب کے علاوہ، ممبر قومی اسمبلی/چیمپئن کامن ویلتھ پارلیمنٹیرینز برائے خصوصی افراد  ظلِ ہما،  ظلہ قیصر، ایگزیکٹو ڈائریکٹرسپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام محمد عاطف شیخ، نمائندہ یو این ایف پی اے برائے پاکستان ڈاکٹر باختیر قادروف اور دیگر اہم شخصیات بھی خطاب کریں گی۔ اس موقع پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی جس میں سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو دکھایا جائے گا۔ تقریب میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، سکالرز، ماہرین تعلیم، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں