متحدہ عرب امارات کی سیاسی قیادت نے اتحاد، ترقی و خوشحالی کی مثالی منزلیں طے کی ہیں،چیرمین سینیٹ

پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہے،خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ ویڑن ہے

جمعرات 2 دسمبر 2021 23:24

متحدہ عرب امارات کی سیاسی قیادت نے اتحاد، ترقی و خوشحالی کی مثالی منزلیں طے کی ہیں،چیرمین سینیٹ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2021ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کی 50 ویں سالگرہ پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سیاسی قیادت نے اتحاد، ترقی و خوشحالی کی مثالی منزلیں طے کی ہیں۔

پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ ویڑن ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات برادرانہ تعلقات کثیر الجہتی تعاون پر محیط ہیں۔ بھائی چارے اور اعتماد کا رشتہ مشترکہ مذہبی و ثقافتی روابط کے باعث مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر مثالی تعاون پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اعتماد اور احترام کو ظاہر کرتا ہے۔

ہمیں ان تعلقات اور بھائی چارے کی فضائ کو مزید تقویت دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروباری نقل و حمل کے ذریعے دونوں اطراف کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پورا اتری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کیلئے نئی کامیابیوں اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان۔متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزامحمد آفریدی نے متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر کو خط لکھا ہے۔اپنے خط میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے متحدہ عرب امارات کی50 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مضبوط تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی بنیادوں پر استوار ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments