پاکستان، تھائی لینڈ کے ساتھ سیاسی روابط اور تجارتی و دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر مبنی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، چوہدری فواد حسین

جمعہ 3 دسمبر 2021 21:22

اسلام آباد۔3دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 03 دسمبر2021ء) :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ سیاسی روابط اور تجارتی و دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر مبنی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان کی جیو اکنامک پالیسی کا مقصد اس کے جیواکنامک محل وقوع سے مکمل فائدہ اٹھانا، روابط کو فروغ دینا اور علاقائی امن و ترقی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو تھائی لینڈ کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ، قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، اس سال ہم اپنی 70 سالہ دوستی کی تقریبات منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کثیر الجہتی فورمز پر متعدد علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی نکتہ نظر اور ہم آہنگی رکھتے ہیں اور کثیر الجہتی و علاقائی تعاون کے مضبوط حامی ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سات دھائیوں قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے ہی ہم دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور تنوع کو اہمیت دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کی لک ویسٹ  ”Look West“ پالیسی اور پاکستان کی ”وژن ایسٹ ایشیائ“ پالیسی دوطرفہ تعلقات کیلئے وسیع گنجائش کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں تقریباً پانچ ہزار پاکستانیوں کے علاوہ پاکستانی نژاد تھائی شہریوں کی متحرک کمیونٹی موجود ہے جنہیں تھائی پٹھانوں کے نام سے جانا چاہتے ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ یہ لوگ تھائی معاشرے میں گھل مل گئے ہیں اور تھائی لینڈ کے لئے ایک اثاثہ ثابت ہوئے ہیں، ان لوگوں نے کاروبار، عوامی خدمت اور سیاست میں اپنے قدم جمائے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت چھ پاکستانی تھائی ایوان کے رکن اور دو سینیٹرز ہیں جن کا تعلق حکمران پالنگ پرچارتھ پارٹی اور اس کی اتحادی بھوم جے تھائی پارٹی یا ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی صلاحیت میں اضافے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دوطرفہ تجارت میں اضافہ خوش آئند ہے، 2020ءمیں دونوں ممالک کے درمیان کل تجارت 1105.80 ملین امریکی ڈالر تھی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ، پاکستان کا بدھ مت ورثہ تھائی عوام کے لئے مضبوط تاریخی اور ثقافتی تعلق کا حامل ہے، ٹیکسلا کو تھائی عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سیاحت کے شعبہ کے فروغ اور اس شعبہ میں جدید سہولیات فراہم کرنے کے خواہش مند ہیں۔ تھائی لینڈ کے لوگوں کے لئے ہمارے بدھ مت مقامات کے ساتھ ساتھ شمال میں خوبصورت پہاڑی علاقے بہت پرکشش مقامات ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے ممتاز بدھ راھب آریا وانگسو نے اکتوبر 2019ءمیں پاکستان کے دورہ کے دوران پاکستان اور تھائی لینڈ میں پاکستان کے بدھ مت ورثہ کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے کچھ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تھائی باشندوں کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں، سفر اور سیاحت کو آسان بنانے کے لئے ہم نے اپنے ویزا نظام میں آسانیاں پیدا کی ہیں، تھائی لینڈ سمیت تقریباً تمام ممالک میں ای ویزا اور ویزا آن ارائیول کی سہولت میں توسیع کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں