اسلام آباد ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی‘ برطانیہ سے آئے مسافر سے منشیات پکڑی گئی

ملزم بین الاقوامی ایئرلائن کی پرواز نمبر ای کے 614 کے ذریعے سفر کرکے لندن سے اسلام آباد پہنچا‘ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 دسمبر 2021 12:38

اسلام آباد ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی‘ برطانیہ سے آئے مسافر سے منشیات پکڑی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2021ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی کے نتیجے میں برطانیہ سے آئے مسافر سے منشیات پکڑی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ملزم بین الاقوامی ایئرلائن کی پرواز نمبر ای کے 614 کے ذریعے سفر کرکے لندن سے اسلام آباد پہنچا جہاں اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں برطانوی شہری کے سامان سے منشیات برآمد ہوئی ، ملزم کی شناخت سہیل شبیر کے نام سے ہوئی ، جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 22 نومبر کو بھی انسداد منشیات فورس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آنے والے دو مسافروں سے کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کی تھی ، کروڑوں روپے کی منشیات دو الگ الگ کارروائیوں میں برآمد کی گئی ، پہلی کارروائی میں ترکی سےپاکستان آنے والے مسافر کے بیگ سے2.452 کلوگرام کوکین برآمد کی گئی ، ترکی سے براستہ دوحہ پاکستان آنے والے صوابی کے رہائشی محمد فواد نامی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 452 گرام کوکین برآمد ہوئی، برآمد شدہ کوکین ٹرالی میں موجود لیڈیز پرس اور ٹرالی کی تہہ میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری کارروائی میں نائیجیرین باشندے کو شک کی بنیاد پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا ، جہاں دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی موجودگی کا اعتراف کرلیا، ملزم کو اسپتال منتقل کر کے اس کے پیٹ سے 5 منشیات بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے ، گرفتار ملزم کی شناخت چکووجیکوو ایکیجی کے نام سے ہوئی ، اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں