غریبوں کی آہ وبکا حکمرانوں کو لے ڈوبے گی،آئندہ الیکشن میں تبدیلی سرکار کا کوئی نام لینے والا بھی نہیں ہوگا،بیگم شاہدہ قدیر

مسلم لیگ(ن) کے دورمیں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن تھا،ایک بار پھرقوم قائد نوازشریف کی منتظر ہے،سنیئر رہنمامسلم لیگ(ن)اسلام آباد

اتوار 5 دسمبر 2021 18:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہاہے کہ غریبوں کی آہ وبکا حکمرانوں کو لے ڈوبے گی، آئندہ الیکشن میں تبدیلی سرکار کا کوئی نام لینے والا بھی نہیں ہوگا،حکومت ہر وہ فیصلہ کررہی ہے جو عوام دشمن اور غریبوں کوختم کرنے والا ہو،رات کے اندھیرے میں پٹرول، ڈیزل ،گیس،بجلی سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجاتاہے،ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہر آنے والی صبح عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیاجاتاہے،غریبوں کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں ،گھر والوں سے چھت اورمزدوروں سے روزگار چھن چکا، موجودہ صورتحال میں معاشرے کا ہر طبقہ ہوشربا مہنگائی اور تبدیلی سرکار سے نجات کی دہائی دے رہاہے،حکمرانوں کی بدترین بدانتظامی اور نااہلی نے ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے، سونامی سرکار سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی انہیں جانا ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنمابیگم شاہدہ قدیرنے مزید کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے دورمیں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن تھا، ہر میگا پراجیکٹس قائد میاں نوازشریف کا ہے اسی بات کی سزا انہیں ملی مگر اب حقیقت عیاں ہوچکی ہے وہ وقت جلد آنے والا ہے جب مسلم لیگ(ن) دوبارہ عوا م کی طاقت سے اقتدارہو گی ،قوم میاں نوازشریف کی منتظر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں