عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے منصوبہ بندی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،سردار تنویر الیاس خان

ماضی کی حکومتوں کی فاش غلطیوں کا تدارک کرتے ہوئے نئی منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، عمران خان کے ویژن کی پاسداری ہم سب پر فرض ہے،دن دگنی رات چگنی محنت کر کے خطہ آذاد کشمیر کی تقدیر بلیں گے،صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر

اتوار 5 دسمبر 2021 22:05

․اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و موسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں سے شروع ہونے والی فالٹ لائن آزاد کشمیر اور ہزارہ کو یکساں متاثر کر رہی ہے،2005 کے زلزلے کی تباہی ہمارے لیئے سبق ہے جس کی روشنی میں آئندہ آذاد کشمیر کی جملہ تعمیرات کے لیئے مربوط پلاننگ کر نا ہو گی تا کہ مستقبل میں کسی ایسے سانحہ کی صورت میں عوام کی جانوں اور املاک کو بچایا جا سکے، عام لوگوں کامعیار زندگی بلند کرنے کے لیئے مربوط پلان موجود ہے جس پر سائینٹفک بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ آنے والی نسلوں کی زندگی آسودہ ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشہ روز ایک نشست میں محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ستر سے زاید برس کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجو آذاد کشمیر میں ٹریفک،ہاوسنگ اور اربنائزیشن،پانی کی ضرویات ایسے اہم ایشوز پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں۔

پورے آذاد کشمیر میں کسی محکمے کے پاس ایک بھی ٹریفک انجینئر موجود نہیں ہے،بے ہنگم ٹریفک نے لوگوں کی روز مرہ کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے،شہر اور تحصیل کی سطح پر سڑکوں اور پارکنگ پلازہ جات کے لیئے منظم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ٹریفک کا فلو بڑھنے کی وجہ سے آذاد کشمیر چھوٹے شہروں اور قصبوں میں سخت مسائل جنم لے رہے ہیں،35000 کی آبادی پر مشتمل چھوٹے سے شہر ہجیرہ میں کسی تقریب کے دوران ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیئے گھنٹے لگ جاتے ہیں،یہ سب پلاننگ کے نہ ہونے کی وجہ سے ہورہا ہے،آذاد کشمیر کی ٹریفک سٹڈی ضروری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیئے منصوبہ بندی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،ماضی میں باقی شعبوں کی طرح سیوریج اور ڈرینیج مکمل نظر انداز کیا گیا ،کوٹلی شہر میں سرے سے سوریج ڈالی ہی نہیں گئی،جس کی وجہ سے شفاف چشمے ،کنوئیں اور زیر زمین پانی کے دیگر زرائع مکمل طور پر آلودہ ہو چکے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی فاش غلطیوں کا تدارک کرتے ہوئے نئی منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔

عمران خان کے وژن کی پاسداری ہم سب پر فرض ہے،دن دگنی رات چگنی محنت کر کے خطہ آذاد کشمیر کی تقدیر بلیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں