توہین عدالت کیس:رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست مسترد

ای سی ایل میں نام ڈالنا حکومت کا کام ہے عدالت کا نہیں.جسٹس اطہرمن اللہ‘رائے نوازکھرل کی فریق بننے کے لیے جمع کروائی گئی درخواست خارج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 دسمبر 2021 13:16

توہین عدالت کیس:رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 دسمبر ۔2021 ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس میں ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست مسترد کردی ہے. اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایڈووکیٹ رائے نواز کھرل کی رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور کیس میں فریق بننے کی درخواستوں پر سماعت کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے پہلے یا بعد میں اگر رانا شمیم فرار ہوگئے تو کیا ہوگا.

(جاری ہے)

اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نام ای سی ایل میں ڈالنا حکومت کا کام ہے اس عدالت کا نہیں، رائے نواز کھرل کے وکیل نے استدعا کی کہ نام ای سی ایل میں ڈالا جائے یا رانا شمیم کو کہیں پاسپورٹ سرینڈر کریں. دوسری درخواست پر جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ آپ توہین عدالت کے کیس میں کیسے فریق بن سکتے ہیں؟وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے متعلق سب معلومات رکھتا ہوں اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اس کو چھوڑیں، توہین عدالت کیس تو عدالت کا اپنا معاملہ ہوتا ہے.

دلائل مکمل ہونے کے بعد سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ایڈووکیٹ رائے نواز کھرل کی رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس میں فریق بننے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا بعد ازاں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا اور وکیل کی کیس میں فریق بننے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی.

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی عدالت اور ملزم کا معاملہ ہے اور اس کا فیصلہ کرنا عدالت کا اختیار ہے، کوئی اور شہری توہین عدالت کے معاملے میں فریق نہیں بن سکتا. حکم نامے میں کہا گیا کہ رانا شمیم توہین عدالت کیس میں فریق بننے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دی جاتی ہے، جبکہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست بھی خارج کی جاتی ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں