یو کے پاکستان بزنس کونسل کی سیالکوٹ واقعہ کی مذمت

پیر 6 دسمبر 2021 15:11

یو کے پاکستان بزنس کونسل کی سیالکوٹ واقعہ کی  مذمت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2021ء) یو کے پاکستان بزنس کونسل نے سیالکوٹ میں سری لنکا کے فیکٹری مینیجر کے المناک قتل اور تشدد کے وحشیانہ فعل کی شدید مذمت کی ہے۔ پیر کو کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے یہاں تعزیتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث تمام مجرموں اور اکسانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سری لنکن قوم اور مقتول پریانتھا کمارا دیا ودن کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یو پی بی سی کے دفتر میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کئی بڑے برآمد اور درآمد کنندگان نے شرکت کی۔ سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ 3 دسمبر سیالکوٹ کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جنونیت اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور یہ بہیمانہ تشدد و قتل اسلامی تعلیمات کی قطعی اور واضح نفی ہے، اس طرح کی مذموم حرکت میں ملوث شرپسندوں کا کسی مذہب، ذات یا مسلک سے تعلق نہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ واقعہ سیالکوٹ کے عوام یا صنعت کے عمومی ماحول کی نمائندگی نہیں کرتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپورٹ سٹی اس صورتحال سے باہر نکلے گا اور پاکستان کا ایک مثبت امیج پیش کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پریانتھا کمارا دیا ودن ایک سخت و با اصول پروفیشنل اور پیداواری معیارات پر سختی سے کاربند تھے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے گی تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی جانیں ہمیں پاکستانی شہریوں کی طرح عزیز ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں