وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اعلی سطحی اجلاس‘سری لنکن شہری کے قاتلوں کوسزادلوانے کی ہدایت

اس سانحے سے پوری قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں.عمران خان‘اجلاس میں اب تک ہونے والی گرفتاریوں اور پیش رفت پر بریفینگ دی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 دسمبر 2021 16:21

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اعلی سطحی اجلاس‘سری لنکن شہری کے قاتلوں کوسزادلوانے کی ہدایت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 دسمبر ۔2021 ) وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے اس سانحے سے پوری قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں. وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا.

وزیر اعظم عمران خان اور اجلاس کے شرکا کو سیالکوٹ واقعے اور ملزمان کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے.

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے وزیراعظم عمران خان نے واقعے میں ملوث تمام مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے اجلاس میں وزیرداخلہ شیخ رشید،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی.

دریں اثناکامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا وزیر اعظم نے کہاکہ کھیل نوجوانوں کے لیے اس لیے ضروری ہے کہ جب آپ کھیلوں کے میدانوں میں مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں تو آپ کو جیتنا بھی آتا ہے اور ہار کی وجوہات بھی سمجھ آتی ہیں، آپ ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہوتے بلکہ اس سے سیکھتے ہیں اور پھر نوجوان مشکل وقت سے گھبراتا نہیں ہے.

انہوں نے کہا کہ آپ ہارتے تب ہیں جب آپ دلبرداشتہ ہوتے ہیں، یہ سب سے بڑا سبق ہے کہ کھیل آپ کو برے وقت کا مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں، یہ زندگی کا وہ سبق ہے جو کوئی اور شعبہ نہیں سکھاتا. وزیر اعظم نے کہا کہ کھیل آپ کی صحت کے لیے ضروری ہے اور صحت اللہ کی نعمت ہے، پاکستان وہ ملک ہے جہاں 70 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے تو ہمارے کوشش ہے کہ ہر محلے میں کھیلوں کے میدان ہوں، ہم خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کئی میدان تعمیر کر چکے ہیں.

انہوں نے کہا کہ میری حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ ہم آپ کو بہتر تعلیم کا موقع دیں، ہماری دو صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 47 ارب روپے کی اسکولرشپس دی ہیں جس سے 63 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان، بین الاقوامی سطح پر ہر کھیل میں شرکت کرے، اس کے لیے کھیلوں کے میدان، ایکسیلنس سینٹر بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں