وزیراعظم عمران خان کی ملکی دریاوں کو بچانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت

ملک امین اسلم چار ماہ میں مکمل پلان پیش کریں ،پاکستان کے بقاء کیلئے دریا زندگی کا بڑا سورس ہیں، دریائوں کو آلودگی سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کا بڑا اہم ایشو ہے ،افسوس اس پر سابقہ حکومتوں نے توجہ نہیں دی، عمران خان کا اجلاس سے خطاب ماحولیاتی شعبے میں بہترین پرفارمنس دکھانے پر پاکستان کو آسان شرائط پر قرض دیں گے، ورلڈ بینک پاکستان کو 1 ارب ڈالرز کا قرض آسان شرائط پر فراہم کر سکتا ہے، ورلڈ بینک حکام

پیر 6 دسمبر 2021 18:01

وزیراعظم عمران خان کی ملکی دریاوں کو بچانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے ملکی دریاوں کو بچانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک امین اسلم چار ماہ میں مکمل پلان پیش کریں ،پاکستان کے بقاء کیلئے دریا زندگی کا بڑا سورس ہیں، دریائوں کو آلودگی سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کا بڑا اہم ایشو ہے ،افسوس اس پر سابقہ حکومتوں نے توجہ نہیں دی۔

پیر کووزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کلائمیٹ چینج کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب، کے پی، جی بی کے وزرائے اعلی اور وفاقی وزراء نے شرکت کی جبکہ معاون خصوصی ملک امین اسلم، ورلڈ بینک حکام اور یو این ہیڈز بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں دریائی اور فضائی آلودگی کی خاتمے کیلئے اہم فیصلے کر لئے گئے،ملک امین اسلام کی شرکاء کو گلاسکو کاپ 26 کانفرنس پر بریفنگ دی گئی ،ماحولیاتی تبدیلی پر مربوط حکمت عملی پر مبنی جامع پلان بھی پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ملکی دریائوں کو بچانے کیلئے حکمت عملی بنانے اور معاون خصوصی ملک امین اسلم کو 4 ماہ میں مکمل پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور یو این ایجنسیز مشترکہ پلان تیار کریں گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے بقاء کیلئے دریا زندگی کا بڑا سورس ہیں، دریاوں کو آلودگی سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہاکہ پاکستان کا بڑا اہم ایشو ہے لیکن افسوس کہ اس پر سابقہ حکومتوں نے توجہ نہیں دی۔ اجلاس میں ورلڈ بینک کی پاکستان کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ۔ ورلڈ بینک حکام نے کہاکہ ماحولیاتی شعبے میں بہترین پرفارمنس دکھانے پر پاکستان کو آسان شرائط پر قرض دیں گے، ورلڈ بینک پاکستان کو 1 ارب ڈالرز کا قرض آسان شرائط پر فراہم کر سکتا ہے۔

ورلڈ بینک حکام نے کہاکہ پاکستان کی کلائمیٹ چینج حکمت عملی متاثر کن ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ورلڈ بینک سے آسان ترین شرائط پر قرض لینے والا پہلا ملک بن سکتا ہے۔وزیراعظم نے کلائمیٹ چینج ویڑن میں ملک امین اسلم کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک امین اسلم نے دئیے گئے اہداف پر زبردست انداز میں پیش رفت دکھائی، وزیراعظم نے گلاسکو میں ہونے والی این ڈی سی پالیسی کیلئے وزارت ماحولیات کو رابطہ کار باڈی نامزد کر دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں