سانحہ سیالکوٹ کے مجرموں کو فی الفور سزائیں دی جائیں، بلاول بھٹو زرداری

سری لنکن شہری پریا نتھا دیاودھنہ کے خاندان کو فوری انصاف نہ ملا تو عالمی سطح پر یہ ملک کی بدنامی کی وجہ بنے گا،چیئرمین پی پی پی کا بیان

پیر 6 دسمبر 2021 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ سیالکوٹ کے مجرموں کو فی الفور سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سری لنکن شہری پریا نتھا دیاودھنہ کے خاندان کو فوری انصاف نہ ملا تو عالمی سطح پر یہ ملک کی بدنامی کی وجہ بنے گا، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج یورپی یونین سمیت پوری دنیا ہم سے نفرت پھیلانے والوں کے خلاف اقدامات سے متعلق سوال کررہی ہے، سانحہ سیالکوٹ سے مثبت ملکی تاثر داؤ پر لگ چکا ہے، نمائشی کے بجائے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، انہوں نے نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہل کاروں کے قاتلوں کی رہائی جیسے حکومتی اقدامات انتہاپسندوں کے حوصلے بڑھاتے ہیں، ملک میں نفرت انگیزی کے خاتمے کے لئے عوام کو انتہاپسندی کی جانب بہکانے والی سوچ کو نشانہ بنانا ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل ہوجاتا تو سانحہ سیالکوٹ جیسے قابل مذمت واقعات رونما نہ ہوتے جبکہ انتہاپسندی کے جڑ سے خاتمے کے لئے ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مشترکہ سوچ اپنانا ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں