ملک بھر میں پیٹرول مہنگا لیکن پنجاب کابینہ کے اراکین کی شاہ خرچیاں کم نہ ہو سکیں

پنجاب کابینہ کے اراکین ماہانہ 50 لاکھ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کانوائے 10 لاکھ کا پیٹرول استعمال کرتے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 دسمبر 2021 10:24

ملک بھر میں پیٹرول مہنگا لیکن پنجاب کابینہ کے اراکین کی شاہ خرچیاں کم نہ ہو سکیں
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2021ء) : ایک طرف جہاں ملک میں مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے وہیں دوسری جانب حکومتی اراکین اب بھی اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ اُڑانے میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھ رہے۔ ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہونے کے باوجود پنجاب کابینہ کے اراکین کی شاہ خرچیاں کم نہ ہو سکیں ، یہی نہیں وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کانوائے بھی ماہانہ لاکھوں روپے کا پیٹرول خرچ کرتا ہے۔

اس حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق اراکین پنجاب اسمبلی ماپانہ 50 لاکھ روپے جبکہ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کانوائے ماہانہ 10 لاکھ روپے پیٹرول پر خرچ کرتا ہے۔ قومی اخبار 92 نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق پنجاب کابینہ کے ارکان کو ہر مہینے سرکاری گاڑیوں میں 50 لاکھ روپے کا پیٹرول جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کانوائے ماہانہ 10 لاکھ روہے کا پیٹرول استعمال کرتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی کابینہ کے 12 اراکین ماہان فی ممبر 800 لیٹر، 24 ممبران ماہانہ فی ممبر 700 لیٹر جبکہ 8 ارکان ماہانہ فی ممبر 550 سے 600 لیٹر ماہانہ پیٹرول استعمال کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کابینہ کے لیے 51 لگژری گاڑیاں اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے لیے جدید بلٹ پروف گاڑی 30 کروڑ میں خرید رہی ہے جس کی حتمی منظوری بھی خود وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دی۔

خریداری کے بعد موجودہ گاڑیاں تبدیل کر دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی کابینہ میں صرف ایک صوبائی وزیر ایسے ہیں جو ماہانہ 200 لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں۔ قومی اخبار کی تحقیقات اور دستاویزات کے مطبق صوبائی کابینہ کے ارکان اور وزیراعلیٰ پنجاب کا کانوائے سرکاری خزانے سے ماہانہ 45 ہزار لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں۔

ایک صوبائی وزیر کے اسٹاف افسر نت بتایا کہ وزیر صاحب کو ماہانہ تین سے چار مرتبہ اپنے حلقہ انتخاب میں جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے پیٹرول کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے ایک سینئیر اہلکار نے بتایا کہ تمام کابینہ ممبران کو پیٹرول کارڈز بھی دئے گئے ہیں جن کی حد 800 لیٹر ہے، یہ حد ختم ہونے کے بعد تین سے چار صوبائی وزرا پرچیاں لے لیتے ہیں اور ماہانہ 1200 لیٹر تک پیٹرول استعمال کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب کابینہ کی اس قسم کی شاہ خرچیاں پاکستان تحریک انصاف کی کفایت شعاری مہم کی نفی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں