ہمارے گھر میں سکون ہے، دوسری شادی وہ کرتا ہے جس کو پہلی بیوی نے تنگ کیا ہو

بلاول نہ بھی بلائے تو اس کی شادی میں جاؤں گا، بیٹے کی شادی پر جو ٹوٹا پھوٹا ڈانس سیکھا وہ کروں گا ۔ کیپٹن (ر) صفدر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 8 دسمبر 2021 11:36

ہمارے گھر میں سکون ہے، دوسری شادی وہ کرتا ہے جس کو پہلی بیوی نے تنگ کیا ہو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی شادی پر ون ڈش کا پروگرام رکھیں گے۔ عدالت عظمٰی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہماری دادی نانی ’دیساں دا راجا‘ گاتی تھیں، مریم نے گایا تو کیا ہو گیا۔

انہوں نے اپنی اہلیہ مریم نواز کو بہترین سیاسی لیڈر بھی قرار دیا ، اور کہا کہ لیڈر لیڈر ہوتا ہے، لیڈر گانے بھی گاتاہے اور ترانے بھی پڑھتا ہے، لیڈر گانے گواتا بھی ہے اور تگنی کا ناچ بھی نچواتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کی شادی پر گانا بھی گاؤں گا ، اور جو ٹوٹا پھوٹا ڈانس سیکھا وہ بھی کروں گا، میں 4 سال سے آئین پاکستان کی بات کر رہا ہوں ، ووٹ کو عزت دو، یہ گانا بیٹے کی شادی میں بھی چلے گا۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ شادی کا سادہ پروگرام رکھا ہے اور اس میں صرف قریبی رشتےدار ہی شریک ہوں گے۔ آصف زرداری اور بلاول شادی پر نہ بھی آئیں توکوئی بات نہیں، آصف علی زرداری ہمارے دل میں ہیں۔ جبکہ بلاول نہ بھی بلائے تو میں اس کی شادی پر جاؤں گا کیونکہ کراچی میں پولیس مجھے نہیں پکڑے گی۔ فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ فواد چوہدری کو جہلم میں مچھلی بھی کوئی اداھار نہیں دیتا۔

مسلم لیگ ن کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ فواد چوہدری کی باتوں کا جواب دے۔ فواد چوہدری تو شام کو پانی بھی اُدھار مانگ کر پیتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں دوسری شادی سے متعلق سوال کے جواب میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہمارے گھر میں سکون ہے، دوسری شادی وہ کرتا ہے جس کو پہلی بیوی تنگ کرے۔ واضح رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو منعقد کی جائے گی جبکہ شادی کہ تقریبات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ جنید صفدر کی شادی کی تقریبات میں حمزہ شہباز اور مریم نواز کے گانا گانے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس پر صارفین نے ان کی گائیکی کی تعریف بھی کی۔

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments