پاکستان نے امریکہ کی جانب سے جمہوریت پر منعقد کی جانے والی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

جمہوریت کے موضوع پر ورچوئل سربراہی کانفرنس 9 اور 10 دسمبر 2021 کو ہو رہی ہے،ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 9 دسمبر 2021 00:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) پاکستان نے امریکہ کی جانب سے جمہوریت پر منعقد کی جانے والی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جمہوریت پر ہونی والی ورچوئل سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کو مدعو کرنے پر امریکہ کے شکر گزار ہیں۔ترجمان نے کہاکہ جمہوریت کے موضوع پر ورچوئل سربراہی کانفرنس 9 اور 10 دسمبر 2021 کو ہو رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان ایک بڑی فعال جمہوریت ہے جس میں ایک آزاد عدلیہ، متحرک سول سوسائٹی اور آزاد میڈیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم جمہوریت کو مزید گہرا کرنے، بدعنوانی سے لڑنے، اور تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ حالیہ برسوں میں، پاکستان نے ان اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جسے ہم دو طرفہ اور علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لحاظ سے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم متعدد مسائل پر امریکہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ہم مستقبل میں مناسب وقت پر اس موضوع پر مشغول ہو سکتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ اس دوران پاکستان ہمارے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت، تعمیری مشغولیت اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں