وزیراعظم نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے والدین سے ملاقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

کمیٹی میں شیریں مزاری، عمر ایوب، فہمیدہ مرزا ،صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں جبکہ اٹارنی جنرل، دفاع ،وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز خصوصی دعوت پر شریک ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 9 دسمبر 2021 15:18

وزیراعظم نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے والدین سے ملاقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2021ء) : سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے والدین سے ملاقات کے لیے وزیراعظم عمران خان نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس میں شہدا کے والدین سے ملاقات کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تشکیل دی جانے والی اس کمیٹی میں شیریں مزاری، عمر ایوب، فہمیدہ مرزا ،صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں جبکہ اٹارنی جنرل، دفاع ، وزارت داخلہ کےایڈیشنل سیکریٹریزخصوصی دعوت پر شرکت کریں گے۔

دوسری جانب سانحہ اے پی ایس کیس میں رپورٹ جمع کروانے کے لیے وفاقی حکومت نے مزید مہلت طلب کرلی ہے۔ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ سے 3 ہفتے کی مہلت طلب کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کروانے کے لیے 3 ہفتے کی مہلت دی جائے، سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کی 16 دسمبر کو برسی ہے، وزیراعظم نےشہداکے والدین سے ملاقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ مناسب ہوگا والدین اور کمیٹی کی ملاقات کا نتیجہ سامنے آنے دیا جائے۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا تفصیلی بیان جمع کروانا چاہتا ہوں، اے پی ایس کے شہد ا کے والدین کی آج کابینہ کمیٹی سے ملاقات کروانی ہے، والدین کی با ت سن کر اس پر جواب داخل جمع کروایا جائے گا۔ اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ مہلت دی جائے تاکہ عدالت کو جامع عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی اور ریاست کی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہونے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ بچوں کے والدین شہادتوں پر کوئی بھی عذر قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

والدین بیس اکتوبر کے فیصلے میں نامزد افراد کو غفلت برتنے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ وزیراعظم نے شہدا کے والدین کو انصاف دلوانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ حکومت شہدا کے والدین کا مؤقف سُن کر مثبت کارروائی کرے۔ وفاقی حکومت اقدمات کر کے وزیراعظم کی دستخط شدہ رپورٹ پیش کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں