وزارت خزانہ کی منی بجٹ میں پیٹرول کی قیمت بڑھانے سے متعلق خبروں کی تردید

منی بجٹ میں پیٹرول کی قیمت بڑھانے کی کوئی ترمیم نہیں کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے۔وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 جنوری 2022 11:26

وزارت خزانہ کی  منی بجٹ میں پیٹرول کی قیمت بڑھانے سے متعلق خبروں کی تردید
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 16 جنوری 2022) وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے منی بجٹ میں پیٹرول کی قیمت بڑھانے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منی بجٹ میں پیٹرول کی قیمت بڑھانے کی کوئی ترمیم نہیں کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق عالمی مارکیٹ سے ہے۔مزمل اسلم نے اعتراف کیا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قوت خرید بڑھ رہی ہے اور گروتھ بڑھ رہی ہے جب کہ اپوزیشن ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے۔قبل ازیں ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ضمنی مالیاتی بل میں عام آدمی پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔مزمل اسلم نے کہا کہ چکن،ڈبل روٹی پر ٹیکس لگانے کی خبریں درست نہیں، حکومت نے عام آدمی پر ایسا کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بجٹ پچھلے ایک ہفتے سے اسٹینڈنگ کمیٹیز میں زیربحث تھا۔ ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سارے پروگرام اپوزیشن نے لیے ہیں، 2018 میں ہماری حکومت آنے سے پہلے مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کے پاس قرضہ لینے کیلئے گئے تھے اس پر آئی ایف کا جواب تھا کہ الیکشن ہورہے ہیں اگر مسلم لیگ ن جیت جاتی ہے تو آجائے گا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ ن لیگی رہنما قرضہ لینے آئی ایم ایف کے پاس خود گئے تھے اور الزام ہمیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے تین سال میں اسٹیٹ بینک سے ایک روپے کا قرضہ نہیں لیا بلکہ اسٹیٹ بینک کے 1500 ارب واپس کردیے ہے۔ مزمل اسلم نے ضمنی مالیاتی بل میں متعارف کرائے گئے اصلاحات پرمبنی اقدامات کو تاریخی قرار دے دیا تھا،انہوں نے کہا کہ ہ عام لوگوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا ، معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور ٹیکس چوری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں