ن لیگ شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کرے تو یہ مثبت پیشرفت ہوگی ، فواد چوہدری

نوازشریف ہر مشکل وقت میں کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر لندن پناہ گیر ہوگئے‘ ایسے لیڈر کی عزت نہیں رہتی۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 11:58

ن لیگ شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کرے تو یہ مثبت پیشرفت ہوگی ، فواد چوہدری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کرتی ہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اخلاقی اور مالی کرپشن کا شکار قیادت کو بدلنے کی ضرورت ہے ، نواز شریف ہر مشکل وقت میں کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر لندن پناہ گیر ہو گئے ، ایسے لیڈر کی عزت نہیں رہتی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنا چاہتی ہے ، ہم چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات ، عدالت اور احتساب کے نظام میں اصلاحات آئیں ، یہ اپوزیشن کے بغیر ممکن نہیں لیکن ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت اپنے مقدمات میں ریلیف کے علاوہ کسی اور موضوع پر گفتگو نہیں کرنا چاہتی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن میں 4 ارکان ایسے ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل سمجھتے ہیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو یہ خوش آئند بات ہے کہ نون لیگ میں چار ارکان ایسے بھی ہیں جو اپنے آپ کو شریف خاندان سے زیادہ اہل اور قیادت کرنے کا حقدار سمجھنے کی جرائت رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے ن لیگی ارکان کو مشورہ دیا کہ اِس عزم کا اظہار اُنہیں بند کمروں میں نہیں بلکہ کھلے عام کرنا چاہیے ، ساری عمر کیا ڈرتے ہی گزار دیں گے؟ 
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے خود کو وزیراعظم عمران خان کے لیے ڈراؤنا خواب قرار دے دیا ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ میں عمران نیازی کو رات کو ڈراؤنے خواب کی طرح آتا ہوں ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ساڑھے تین سال صرف مہنگائی میں اضافہ کیا ہے، پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے ، حکومتی نااہلی اور ظالمانہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ، ملکی تاریخ کی سب سے زيادہ مہنگائی اس وقت ہے ، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں