وفاقی کابینہ کی خصوصی وزارتی کمیٹی کا مجرمان کی واپسی کے معاہدے پر برطانیہ سے مزید مشاورت کافیصلہ

پیر 17 جنوری 2022 14:09

وفاقی کابینہ کی   خصوصی وزارتی کمیٹی   کا  مجرمان کی واپسی کے معاہدے  پر برطانیہ سے مزید مشاورت کافیصلہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2022ء) وفاقی کابینہ کی طرف سے قائم کی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی  نے مجرمان کی واپسی کے معاہدے  پر برطانیہ سے مزید مشاورت کافیصلہ کیا ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کوجاری بیان کے مطابق  وفاقی کابینہ کی طرف سے  پاکستان اور برطانیہ کےدرمیان مجرمان کی واپسی  کے معاہدے کے حوالے سے تشکیل دی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی کا اجلاس وزارت داخلہ میں منعقد ہوا ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خصوصی وزارتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کے علاوہ  سیکرٹری وزارت قانون، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اعلی حکام  بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان واپسی کے معاہدے کو بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیا جائے گا اور  معاہدے کو وفاقی کابینہ میں لے جانے سے پہلے برطانیہ سے مزید مشاورت کی جائیگی۔

  اس معاہدے سے پاکستان اور برطانیہ اپنے سزا یافتہ مجرمان کو ایک دوسرے کے ممالک واپس بھیج سکیں گے۔معاہدے سے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہیں۔برطانیہ سے مشاورت کے بعد معاہدے کو وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائیگا۔مجرمان واپسی معاہدے سےمتعلق مذاکرات کا پہلا راؤنڈ اکتوبر 2019 میں منعقد ہوا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں