بہتر روزگار کی تلاش میں ایران سے یورپ جانے والے 68 پاکستانیوں کر گرفتار کر لیا گیا

پاکستانی بغیر سفری دستاویزات کے سفر کر رہے تھے،ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار قیدیوں کو راہداری گیٹ کے مقام پر لیویز انتظامیہ کے حوالے کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 جنوری 2022 15:18

بہتر روزگار کی تلاش میں ایران سے یورپ جانے والے 68 پاکستانیوں کر گرفتار کر لیا گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) بہتر روزگار کی تلاش میں ایران سے یورپ جانے والے 68 پاکستانی باشندے گرفتار کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق اچھے طرز زندگی کی خواہش ایک ایسی آرزو ہوتی ہے جو انسان کو انتہائی قدم اٹھانے پر بھی مجبور کر دیتی ہے۔پاکستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور بیرون ملک جا کر پیسہ کمانے کی خواہش بہت سے نوجوانوں کو کچھ ایسے اقدامات اٹھانے پر مجبور کر دیتی ہے جو ان کے لیے تو بدترین ثابت ہوتے ہی ہیں لیکن ان کے گھر والے اور انکے پیارے زندگی بھر کے لیے ان کی راہ تکتے رہ جاتے ہیں ۔

بعض دفعہ سہانے مستقبل کا خواب غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کو موت کی وادی میں لے جاتا ہے جب کہ بعض دفعہ یورپ پہنچنے سے قبل ہی گرفتار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سہانے مستقل کی تلاش میں ایران سے یورپ جانے والے 68 پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لیویز فورس کے مطابق پاکستانی بغیر سفری دستاویزات کے سفر کر رہے تھے۔گرفتار قیدیوں میں پنجاب کے 51 افراد شامل ہیں۔

جب کہ خیبرپختونخوا سے 11 اور بلوچستان کے 6 افراد شامل ہیں۔ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار قیدیوں کو راہداری گیٹ کے مقام پر لیویز انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔لیویز فورس کے مطابق گرفتاری 4 باشندوں کو پاکستانی شناختی کارڈ نہ ہونے پر واپس ایرانی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا ہے۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی محکمہ صحت کی جانب سے اسکریننگ بھی کی گئی۔جب کہ ابتدائی تفتیش کے بعد تمام قیدیوں کو لیویز تھانہ منتقل کر دیا گیا۔ایف آئی اے اس حوالے سے مزید تفتیش کرے گی۔خیال رہے کہ دو سال قبل نوجوانوں کو سہانے مستقبل کا خواب موت کی وادی میں لے گیا۔ غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 5پاکستانیوں کی ہلاکت کا انکشاف ہوا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں