الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ہیک ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا

ای وی ایم مشین کے ہیک ہونے اور جام ہونے کا رسک ہے، بعض ممالک نے اس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، الیکشن کمیشن

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 18 جنوری 2022 20:44

الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ہیک ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 18 جنوری 2022) ای وی ایم مشین کے ہیک ہونے اور جام ہونے کا رسک ہے، بعض ممالک نے اس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ میشن کے ہیک ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ میشن کے ہیک اور جام ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا ہے کہ اسی لیے بعض ممالک نے اس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ای وی ایم مشین کے ہیک ہونے اور جام ہونے کا رسک ہے، اس حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ان تمام نقائص اور رسک کا جائزہ لے رہی ہیں، بعض ممالک نے ای وی ایم پر پابندی عائد کر رکھی ہے اسی لیے ای وی ایم کے استعمال کے لیے اتفاق رائے ضروری ہے۔رکن کمیٹی کامران مرتضی نے سوال کیا کہ ای وی ایم مشینوں پر اتنا خرچہ آتا ہے آپ نے پہلے حکومت کو کیوں نہیں بتایا؟ جواب میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ حکومت ہم سے پوچھتی تو ضرور بتاتے۔

(جاری ہے)

سینیٹر تاج حیدر کی زیر صدارت پارلیمانی امور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکشن کمیشن سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ کمیٹی میں سب سے زیادہ جینڈر گیپ پنجاب میں ہونے کا انکشاف ہوا۔ الیکشن کمیشن حکام نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی کہ چاروں صوبوں میں ڈور ٹو ڈور رجسٹریشن کی گئی۔ رکن کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ پڑھے لکھے پنجاب میں جینڈر گیپ سب سے زیادہ ہے۔

بلوچستان کے ارکان سینیٹ نے ووٹ رجسٹریشن سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان میں خواتین کے شناختی کارڈ نہیں بنائے جا رہے، نادرا حکام کو طلب کیا جائے۔تاج حیدر نے کہا کہ ہمیں بار بار کہا گیا کہ نادرا کو نہ بلائیں، ایک ایک منٹ پر نادرا سے متعلق سوال پیدا ہو رہا ہے لیکن جو ہمیں نوٹی فکیشن دیا گیا اس میں کہا گیا ہے کہ نادرا کو نہ بلائیں، میں چیئرمین سینیٹ سے اس معاملے پر بات کروں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں