نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ثبوتوں کے صندوق اسلام آباد ہائی کورٹ بھی نہ پہنچ سکے ، مریم اورنگزیب

سیاہ کرداروں کے صفحے کالے کرنے سے کام نہیں چلے گا، مریم نواز کی پٹیشن کا جواب دیں، نہ دلیل اور نہ ہی کوئی کیس ، صرف عمران صاحب کی ڈھٹائی اور ضد ہے، ترجمان ن لیگ

بدھ 19 جنوری 2022 22:06

نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ثبوتوں کے صندوق اسلام آباد ہائی کورٹ بھی نہ پہنچ سکے ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب کے اپنے آئیں بائیں شائیں کے پلندہ میں مریم نواز شریف کی درخواست میں بیان کردہ ایک نکتے، ایک واقعے اور ایک حقیقت کا بھی جواب موجود نہیں ۔نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ثبوتوں کے صندوق اسلام آباد ہائی کورٹ بھی نہ پہنچ سکے ،نیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہو ئے ترجمان ن لیگ نے کہا کہ سیاہ کرداروں کے صفحے کالے کرنے سے کام نہیں چلے گا، مریم نواز کی پٹیشن کا جواب دیں، ثبوت لائیں، عدالت اور ججوں کے سوالات کا جواب دیں ۔

انہوں نے کہا نیب کے پاس نوازشریف کی جائیداد کی ملکیت اور مریم نواز کے بینیفیشل اونر ہونے کا کوئی ثبوت ِ نہیں، نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ثبوتوں کے صندوق اسلام آباد ہائی کورٹ بھی نہ پہنچ سکے،نیب کے پاس نہ ثبوت،نہ دلیل اور نہ ہی کوئی کیس ہے صرف عمران صاحب کی ڈھٹائی اور ضد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ نے جب نیب سے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے الزامات کا جواب اور ثبوت مانگے تو نیب کو کورونا ہو گیا ہے ۔

عدالت میں ثبوت اور جواب دیتے ہوئے نیب کو کرونا ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا نیب نے مریم نواز شریف کی درخواست کے جواب میں کہا ہے وہ جواب نہیں دے سکتے اٴْن کے سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت ختم ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے نیب سے ثبوت مانگے تھے، نیب نے باسی الزامات پر مبنی جواب پیش کیا ۔ انہوں نے کہا نیب کے جواب میں جج صاحبان کے سوالات، نیب کے اپنے الزامات اور دعووں کا کوئی جواب موجود نہیں ۔

نیب کا جواب تین سال سے جاری آئیں بائیں شائیں ہے۔ انہوں نے کہا نیب ججوں اور عدالت کے کسی سوال کا جواب نہیں دے سکا۔ نیب کے جمع کرائی گئی طوطا کہانی میں مریم نواز کی طرف سے دائر درخواست کے حقائق کا کوئی جواب نہیں ۔ نیب آج تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کوئی ثبوت ، دستاویز اور جواب جمع نہیں کروا سکی ۔ نیب عدالت پہلے ہی وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ہر الزام مسترد کر چکی ہے ۔

انہوں نے کہا نیب نیازی گٹھ جوڑ کے پاس نہ کوئی قانونی دلیل، ثبوت اور نہ ہی شرم ہے کہ قوم سے اپنے جھوٹ پر معافی مانگیں ۔ انہوں نے کہا معیشت کی تباہی پر جس طرح عمران صاحب کورونا کے پیچھے چھپ گئے، ویسے ہی اب ہائی کورٹ میں نیب کورونا کے پیچھے چھپ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نیب نے کہا کہ مقدمے کی کارروائی روز چلائیں لیکن اب نیب کو کورونا ہوگیا ۔عمران صاحب اور ان کے ٹاؤٹ بہانے نہ بنائیں، ثبوت لائیں

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں