کورونا آؤٹ آف کنٹرول‘ 6 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ‘ 9 ماہ بعد شرح 11 فیصد سے اوپر چلی گئی

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وباء سے 5 افراد انتقال کرگئے‘ 6 ہزار 808 نئے مریض رپورٹ ہوئے اورملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 55 فیصد رہی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 10:26

کورونا آؤٹ آف کنٹرول‘ 6 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ‘ 9 ماہ بعد شرح 11 فیصد سے اوپر چلی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) پاکستان میں کورونا آؤٹ آف کنٹرول ہونے لگا ‘ ایک دن میں 6 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوگئے اور 9 ماہ بعد یومیہ مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد سے اوپر چلی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد انتقال کرگئے ، اس دوران ملک بھر میں کورونا کے 58 ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6 ہزار 808 نئے مریض رپورٹ ہوئے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 55 فیصد رہی جب کہ اس سے پہلے پاکستان میں 11 فیصد سے زائد کورونا کیسز 20 اپریل 2021ء کو 11اعشاریہ 68 فیصد ریکارڈ کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

این سی او سی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت تک کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 29 ہزار 042 ہو چکی ہے جب کہ وباء سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب 13 لاکھ 45 ہزار 801 تک پہنچ چکی ہے تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 426 افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وباء کو شکست دینے والے افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 65 ہزار665 ہو گئی ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی نئی لہرکا چیلنج پھر آرہا ہے پاکستان اس سے بھی نکل جائے گا،نئی لہر کے دوران معاشی سرگرمیوں پر بندش نہیں لگائیں گے، ایس اوپیز پر عملدرآمد جاری رکھیں گے ، کورونا جیسے بحران کا کسی حکومت نے سامنا نہیں کیا، ایسے بحران سو سالوں میں ایک بار آتے ہیں ، ، اس طرح کا بحران کسی حکومت نے فیس نہیں کیا، پاکستان اس کرائسز میں بھی نکل آیا، دنیا پاکستان کی تعریف کررہی ہے۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، ایس ایم ایز سیکٹر کو وہ اہمیت دے رہے ہیں جو کبھی ماضی میں نہیں دی گئی، ماضی میں چھوٹے سرمایہ کاروں کوبینک قرضے نہیں دیتا تھا، نوجوانوں کے اندر زیادہ جنون ہوتا ہے، چھوٹے کاروباری افراد کیلئے قرضوں کی سہولت پیدا کی ہے، نوجوانوں کے پاس بہت آئیڈیاز ہوتے ہیں، ریاست کو نوجوانوں کی مدد کرنا ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے غلط فیصلوں کے باعث ہم نیچے جانا شروع ہوگئے،اس پالیسی کا آنے والے دنوں میں پاکستان کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا، ہم تمام متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر اس حوالے سے رکاوٹیں دور کریں گے ، پاکستان میں ہماری حکومت کوجتنے چیلنجزملے اتنے کسی حکومت کو نہیں ملے، بینک خسارے میں تھا،بڑی مشکلوں سے بھاگ دوڑکی، سعودی عرب، چین یواے ای پیسے دے کر مدد نہ کرتا تو ملک دیوالیہ ہوجاتا،دیوالیہ ہوتا تو روپیہ گر جانا تھا اور مہنگائی بڑھ جانی تھی،اس چیلنج سے نکلے تو کوویڈ آگیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں